اسلام آباد (12 اپریل 2025) پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں اور دارالحکومت اسلام آباد میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
اسلام آباد کے علاوہ پنجاب میں راولپنڈی، چکوال، چنیوٹ، حسن ابدال، اٹک، میانوالی جبکہ خیبر پختونخوا میں سوات، بونیر، لوئر دیر، لکی مروت، مالاکنڈ، مہمند، شبقدر، شانگلہ اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے پر لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارات سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 5 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 12 کلو میٹر تھی۔
زلزلے کا مرکز راولپنڈی سے 60 کلو میٹر شمال مغرب میں تھا، زلزلے کے جھٹکے 12 بجکر 31 منٹ پر محسوس کئے گئے۔