پاک بحریہ کے نئے سربراہ ايڈمرل امجد خان نیازی نے نیول چیف کا عہدہ سنبھال لیا
جبکہ سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا
نیول ہیڈ کوارٹرز پی این ایس ظفر اسلام آباد میں پاک بحریہ کی تبدیلی کمانڈ کی پروقار تقریب ہوئی
جس میں ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ کی کمانڈ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کے حوالے کی
سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنے پر اللہ کا شکر گزار ہوں
ایڈمرل امجد خان نیازی کو پاک بحریہ کا سربراہ بننے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت، میری ٹائم سیکٹر، پوسٹل انفراسٹرکچر اور آف شور پر خصوصی توجہ دی
پاک بحریہ میں انسانی وسائل پر توجہ بھی میرا وژن تھی
ظفرمحمود عباسی نے کہا کہ گوادر میں نیول بیس قائم کی جا رہی ہے جبکہ مرین ٹریننگ سینٹر کراچی سے گوادر منتقل کر دیا گیا ہے
انہوں نے کہا کہ پی این ایس یرموک پاکستان نیوی کا حصہ بن چکی ہے جبکہ 4 چینی فریگیٹ آئندہ برسوں میں پاکستان نیوی کا حصہ ہوں گے
پی این ایس ہیبت کی کمیشننگ رواں سال کے آخر میں ہوگی
ایڈمرل امجد خان نيازی اہم عہدوں پر فرائض انجام دے چکے ہيں
انہیں ہلال امتیاز ملٹری اور ستارہ بسالت سے بھی نوازا جا چکا ہے
انہوں نے 1985 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا
ایڈمرل امجد خان نیازی پاک بحریہ کے 22ویں سربراہ ہیں