لاہور: (12دسمبر 2025) فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی (اے ایف ڈی) کے ایک وفد نے آج نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) کے ہیڈکوارٹرز، واپڈا ہاوس لاہور کا دورہ کیا اور این جی سی کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ملاقات کی۔ ملاقات میں اے ایف ڈی کی مالی معاونت سے جاری این جی سی کے بجلی ترسیل کے منصوبوں سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کی قیادت اے ایف ڈی کے ڈائریکٹر برائے ایشیا سیریل بیلیئر نے کی۔
اے ایف ڈی وفد کے دیگر اراکین میں ریجنل ڈائریکٹر، کنٹری ڈائریکٹر، ہیڈ آف انرجی ڈویژن اور ٹیم لیڈ فار انرجی اینڈ ڈویلپمنٹ شامل تھے جبکہ این جی سی کی جانب سے جنرل منیجر (ڈیزائن اینڈ انجینئرنگ) انجینئر تقی الدین، جنرل منیجر(ٹیکنیکل) انجینئر شاہد شفیع سیال، متعلقہ چیف انجینئرز و دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
چیف انجینئر(پی ایم یو) نے اے ایف ڈی کی مالی معاونت سے جاری منصوبوں پر حالیہ پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں این جی سی کے مستقبل کے منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اے ایف ڈی مشن نے این جی سی کے منصوبوں کی موجودہ پیش رفت کو سراہا اور مستقبل کے منصوبوں، خصوصاً 220کے وی لڈے والا گرڈ سٹیشن اپ گریڈیشن پراجیکٹ کی فنانسنگ میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔
اے ایف ڈی مشن نے پاکستان میں پاور ٹرانسمیشن انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے اپنی معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا جس سے دونوں اداروں کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔