سال 2023 اور 2024 کے مقبول ڈرامے ’عشق مرشد‘ میں ’بھلے‘ کے ڈائلاگ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار علی گل ملاح کی لندن میں سیر سپاٹوں کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
علی گل ملاح نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے ’عشق مرشد‘ کے ہدایت کار فاروق رند کا شکریہ ادا کیا۔
اداکار نے لندن کے ’بگ بین کلاک ٹاور‘ کے قریب بنائی گئی ویڈیو میں اپنے روایتی انداز میں ڈرامے کے ہدایت کا شکریہ ادا کیا۔
علی گل ملاح نے اپنی مختصر ویڈیو میں کہا کہ فاروق رند نے ’عشق مرشد‘ جیسا ڈراما بنا کر ان کی زندگی بھی بنا دی، آج وہ ڈرامے کی وجہ سے لندن کے مشہور مقام پر ہیں۔
انہوں نے روایتی انداز میں ’بگ بین کلاک ٹاور‘ کے سامنے جھمر (ڈانس) بھی کیا اور مسرت کا اظہار بھی کیا۔
علی گل ملاح کی مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر ائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔
زیادہ تر صارفین نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں لندن آنے پر خوش آمدید کہا۔
خیال رہے کہ علی گل ملاح نے ’عشق مرشد‘ میں فضل بخش نامی مزاحیہ کردار ادا کیا تھا جو ڈرامے میں بار بار ’بھلے‘ کا ڈائلاگ بولتے دکھائی دیتے ہیں۔
’بھلے‘ سندھی زبان کا لفظ ہے، جس کی معنی رضامندی اور اتفاق ہے، یعنی جب کوئی کسی بات یا کام سے اتفاق کرتا ہے تو وہ مختصرا ’بھلے‘ کہتا ہے۔
’بھلے‘ فیم عشق مرشد سے قبل بھی پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے متعدد ڈراموں میں کام کر چکے ہیں جب کہ وہ بچپن سے سندھی ڈراموں میں نظر آتے رہے ہیں، تاہم انہیں عشق مرشد سے نئی شہرت ملی۔