یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں اطلاعات اورنشریات کے وزیر سینیٹر شبلی فراز نے آج (جمعرات) نیشنل براڈ کاسٹنگ ہائوس اسلام آباد میں یاد گار مارکونی ٹرانسمیٹر کی نقاب کشائی کی ۔
یہ نایاب ٹرانسمیٹر 1937 میں مناواں لاہور میں نصب کیاگیاتھا جس پر 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب قیام پاکستان کا اعلان کیاگیا تھا ۔
ایک تقریب میں قیام پاکستان کا اعلان انگریزی میں ظہور احمد اور اردو میں مصطفی علی ہمدانی نے طلوع صبح آزادی کا اعلان کرتے ہوئے برصغیر کے لاکھوں افراد کو خبر دی کہ اسلامی مملکت معرض وجود میں آچکی ہے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اطلاعات ونشریات کے وزیر شبلی فراز نے کہاکہ ریڈیوپاکستان قوم کی آواز ہے اور اس نے یوم آزادی کے دن سے دنیا بھر میں روانی سے اطلاعات کی فراہمی میں تاریخی کردارادا کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جو قوم اپنے تاریخی ورثے کا تحفظ نہیں کرتی ، اپنی اقدار کو فراموش کردیتی ہے یا ورثے کو بھلا بیٹھتی ہے وہ دنیا میں اعلیٰ مقام نہیں حاصل کرسکتی اور ریڈیوپاکستان واحد ادارہ ہے جو پاکستان کی اقدار اور ثقافت کی پاسداری کررہا ہے ۔
شبلی فراز نے کہاکہ آزادی لاکھوں مائوں کی دعائوں کا صلہ ہے اور اس کی تاریخ ہزاروں شہدا کے خون سے رنگی ہوئی ہے ۔
0