0

شر پسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے

ملتان(عادل چودھری) ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن(ر) ظفر اقبال اعوان (ستارہ امتیاز) نے کہا ہے کہ ملتان ریجن میں امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں

اس سلسلے میں ملتان سمیت تمام اضلاع میں بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا ہے

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں نفری اور گاڑیوں کی کمی پورا کرنے کیلئے بھرتی کا آغاز کردیا گیا ہے

نئی گاڑیاں بھی تھانوں کو فراہم کی جارہی ہیں

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے آفس میں ریجنل پولیس آفیسر ملتان وسیم احمد خان سے ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا

اس موقع پر اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل آپریشنز جنوبی پنجاب سید غضنفر علی شاہ بھی موجود تھے

ایڈیشنل انسپکٹرجنرل جنوبی پنجاب کیپٹن(ر)ظفر اقبال نے آر پی او کو ہدایت کی کہ ریجن بھر میں سٹریٹ کرائم روکنے کیلئے بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے

موثر حکمت عملی کے تحت انٹیلی جنس کا نظام وضح کیا جائے تاکہ چوری و ڈکیتی کے متعلق شہریوں کی شکایات بہترین سروس ڈیلویری کے ذریعے کم کی جاسکیں

انہوں نے مزید کہا کہ عدالتی مفرروں اور منشیات فروشوں کے خلاف مہم کے دوران جنوبی پنجاب بھر میں اب تک درجنوں گینگ گرفتار کیے جاچکے ہیں

تمام ضلعی پولیس سربراہان کو سختی سے احکامات دیے گئے ہیں کہ جھوٹے مقدمات کے ذریعے بے گناہ شہریوں کو بلیک میل کرنے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے

کیپٹن(ر)ظفر اقبال نے مزید کہا کہ لاء اینڈ آرڈر برقرار رکھنے کیلئے حساس مقامات کی سکیورٹی پر ریڈ الرٹ جاری رکھا جائے

اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر وسیم احمد خان نے امن و امان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں