گجرات (اورنگزیب عالمیگر شاکر) ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ سپورٹس سرگرمیوں سے وابستہ افراد کو سہولیات کی فراہمی کے لئے گورنمنٹ زمیندار کالج کے گراؤنڈ کی صفائی اور اس کی بہتر دیکھ بھال یقینی بنائی جائے گی
صبح کی سیر کے لئے آنے والوں کےلئے ٹریک بنانے کے لئے بھی ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے
زمیندار کالج میں زیر تعمیر بلاک کو جلد مکمل کرکے یہاں تدریسی سرگرمیاں شروع کی جائیں
ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گورنمنٹ زمیندار کالج کے دورہ کے موقع پر کیا
پرنسپل کالج پروفیسر عبدالرزاق ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شہزاد منور، سی او ایم سی محمود اقبال گوندل بھی اس موقع پر موجود تھے
ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا کہ معاشرے میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لئے گراؤنڈز نہایت اہمیت کے حامل ہیں
گورنمنٹ زمیندار کالج کا گراؤنڈ شہر میں سپورٹس سرگرمیوں کا ہمیشہ مرکز رہا ہے
جہاں سہولیات کو پہلے سے بھی بہتر بنایا جائے گا
انہوں نے کہا کہ گراؤنڈ کی صفائی کے لئے میونسپل کارپوریشن گجرات کا عملہ فراہم کیا جائے گا جبکہ صبح کی سیر کے لئے آنے والے معززین نے بھی لیبر کی فراہمی کے حوالے سے معاونت کے عزم کا اعادہ کیا
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے زیر تعمیر کالج بلاک کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ پراجیکٹ کی جلد تکمیل یقینی بنائی جائے لیکن میٹریل کی کوالٹی پر ہر گز سمجھوتہ نہ کیا جائے
انہوں نے کہا کہ وہ جلد دوبارہ زمیندار کالج کا دورہ کریں گے اور صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیں گے
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ علی الصبح میونسپل کارپوریشن آفس پہنچے جہاں انہوں نے عوامی شکایات سنیں اور پہلے سے موجود شکایات پر کاروائی کا جائزہ لیا
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہریوں کو میونسپل سروسز کی فراہمی اولین ترجیح ہے
میونسپل کارپوریشن کے افسران و ملازمین حکومت اور شہریوں کے اعتماد پر پورا اترنے کےلئے تمام صلاحتیں بروئے کار لائیں