مہمند (افضل صافی) جمعرات کو ڈپٹی کمشنر مہمند کی ہدایات پر پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی قبائلی ضلع مہمند، فاؤنڈیشن فار رورل ڈیویلپمنٹ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور دیگر محکمہ جات کے تعاون سے ضلعی ہیڈ کوارٹر غلنئی میں قومی آفات سے آگاہی کا دن منایا گیا
پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی مہمند نے ضلعی انتظامیہ اور دیگر محکموں کی مدد سے 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے کی یاد میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مہمند کے دفتر میں ایک تقریب کا انعقاد کیا
اس پروگرام کا مقصد سوگوار خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرنا تھا جنہوں نے زلزلے 2005، سیلاب 2010 اور اس کے بعد ہونے والی آفات میں اپنے پیاروں کو کھو دیا
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید سیف اسلام بطور مہمان خصوصی جبکہ ضلعی سیکرٹری پی آر سی ایس فوزی خان، اسسٹنٹ کمشنر اپر مہمند حامد اقبال، اسسٹنٹ کمشنر لوئر مہمند قیصر خان، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آ فیسر ڈاکٹر محمد حیات خان آ فریدی، ضلعی کوآرڈینیٹر پی ڈی ایم اے / کمپلیکس ایمرجنسی ونگ شیراز خان، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 حیات اللہ خان، ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر پی آر سی ایس عرفان اللہ اور ہلال احمر پاکستان ضلع مہمند کے رضاکار موجود تھے
ضلعی سکریٹری پی آر سی ایس فوزی خان نے شرکا کو خوش آمدید کہا اور 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے کی یادداشتوں پر روشنی ڈالی
انہوں نے مزید کہا کہ اس یادگاری تقریب کا بنیادی مقصد مقامی کمیونٹی کو آفات سے سبق سیکھنے اور معاشرتی طور پر ذمہ دار شہریوں کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کرنے کی آگاہی دینا ہے
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تقریب کے اہتمام کے لئے پی آر سی ایس، ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے اور دیگر محکمہ جات کے سرشار کردار کی تعریف کی
انہوں نے کہا کہ تباہی کے خطرے کو کم کرنے کے لئے پرعزم کوششوں کے لیے انتظامات ضروری ہیں
عہدیداروں نے ضلع بھر میں خطرے سے دوچار مقامات کی شناخت کی
آخر میں آگاہی واک بھی منعقد کی گئی جو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہو کر ضلعی انتظامیہ کے دفاتر سے گزرتے ہوئے گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول غلنئی پر اختتام پذیر ہوئی
واک کے شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر آفات سے متعلق آگاہی نعرے درج تھے
ہلال احمر پاکستان ضلع مہمند کے ضلعی سیکرٹری فوزی خان نے کہا کہ ہلال احمر نوجوانوں کو رضاکارانہ کاموں کی تربیت دینے کی کوششیں کر رہی ہے تاکہ ہلال احمر ہر گھر میں ایک مددگار فراہم کرنے کے اپنے مقصد کو حاصل کر سکے
انہوں نے مزید کہا کہ ہلال احمر کے بنیادی شعبوں میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ، آفات کے دوران اور اس کے بعد امدادی کام (قدرتی یا انسان ساختہ)، صحت و نگہداشت، انسانیت پسندی اقدار کا فروغ اور تنظیمی ترقی شامل ہیں
انہوں نے کہا کہ ضلع مہمند ہلال احمر نے مختلف علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ افراد میں سالانہ 1000 راشن پیکج سمیت 4000 کمبل تقسیم کیے ہیں
فوزی خان نے کہا کہ پی آر سی نے پورے ضلع میں 500 سے زیادہ لیویز / خاصہ داروں اور 400 کمیونٹی لوگوں کو تربیت دی
انہوں نے مزید کہا کہ اب انہوں نے علاقے میں برادری کی سطح تک ابتدائی طبی امداد کی تربیت شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ہر گھر میں ابتدائی مدد فراہم کی جا سکے