سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کراچی کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرنیوالی تمام جماعتوں کے ساتھ ہیں
کراچی منی پاکستان ہے ملک کی ترقی و خوشحالی کراچی سے جوڑی ہے ملک کو 70فیصد ریوینیو دینے والے شہر کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک محرومیوں کو جنم دے رہا ہے
ملک کی معیشت کو مضبوط و مستحکم کرنا ہے تو کراچی کو اسکا حق دینا ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر PTI کراچی ڈویژن کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کی قیادت میں آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وفد میں رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی، رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر و دیگر شامل تھے جبکہ اس موقع پر PST مرکزی رابطہ کمیٹی کے ارکان فہیم الدین شیخ، محمد آفتاب قادری بھی موجود تھے، اس موقع پر خرم شیر زمان نے PTi کے تحت کراچی کی اسٹیک ہولڈرز جماعتوں کی 12 دسمبر کو ہونیوالی APC کا دعوت نامہ پیش کیا
اس موقع پر خرم شیر زمان نے کراچی کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اور سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2021میں کراچی کے عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ نچلی سطح تک اختیارات کی منتقلی کے بغیر مسائل کا حل ممکن نہیں ہے، کے ایم سی، ڈی ایم سی، واٹر بورڈ و دیگر کو معاشی وسائل کمانے کے اختیارات کے بغیر نچلی سطح کے مسائل کا حل ہونا دشوار ہوگا
اس موقع پر سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کراچی سندھ کا ہی نہیں پورے ملک کا معاشی حب ہے، اس کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام اکائیوں کو بلاتفریق کام کرنا ہوگا
انہوں نے کہاکہ کراچی سمیت سندھ کے تمام شہروں کو ماڈل بنانے اور تمام سہولیات مہیا کرنے کیلئے حکومت کو بھی مثبت کردار ادا کرنا چاہیے
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ وسائل کے بغیر مسائل کا حل ممکن نہیں ہے، نچلی سطح تک اختیارات کو منتقل کرنا اور جمہوری اقدار کو فروغ دینا حکومت سمیت ہر سیاسی مذہبی جماعت کی قومی ذمہ داری ہے