صدرڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ یوم آزادی کے موقع پر ہمیں بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر کے اپنے بھائیوں اور بہنوں کو فراموش نہیں کرنا چاہئے جنہیں بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے وحشیانہ مظالم کاسامناہے ۔
تہترویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغا م میں انہوں نے کہاکہ بھارت گزشتہ تین عشروں سے زائد عرصے سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہاہے اور پانچ اگست دوہزار انیس کو لاک ڈائون کے نفاذ کے بعد سے جعلی مقابلوں میں ماورائے عدالت قتل عام کے مظالم میں تیز ی آگئی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ بھارت میں تمام اقلیتوں کونشانہ بنایا جارہاہے اور مودی حکومت ملک میںہندوبالادستی کی پالیسی مسلط کرنا چاہتی ہے ۔
صدر نے کہاکہ میں بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیرکے غیورعوام کویقین دلاتاہوں کہ پاکستان ان کے منصفانہ حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا جس کا وعدہ اقوا م متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں میں کیاگیا ہے
قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے ہر پاکستانی پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی وخوشحالی کے لئے کام کرنے کا پختہ عزم کرے اور ملک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے متحدرہیں ۔
صدر نے کہاکہ یہ دن ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاددلاتاہے جو قائد اعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت میں ہمارے ابائو اجداد نے دیں۔
0