0

پاکستان کی ماربل انڈسٹری کی ترقی کے لیے اٹلی کی ماہرین ٹیم تعاون کرے گی

وزیراعظم کی ہدایت پر ’ماربل پالیسی‘ کی تیاری کا فیصلہ

اسلام آباد:
وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے اٹلی کی ٹریڈ ایجنسی (ITA) کے سربراہ سالواتورے پرانو سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی ماربل انڈسٹری کو مضبوط بنانے کے لیے دوطرفہ تعاون پر غور کیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی سیکریٹری برائے صنعت و پیداوار سیف انجم بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے پاکستان کی ماربل صنعت میں بہتری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا، جن میں ہنرمندی میں اضافہ، ویلیو ایڈیشن، اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شامل ہے۔

ہارون اختر نے بتایا کہ اٹلی کے ماہرین کی ایک ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی تاکہ ماربل صنعت کا جائزہ لے کر عملی تجاویز دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد بین الاقوامی ماہرین اور مقامی اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے ذریعے ماربل سیکٹر کو مضبوط بنانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ ماربل انڈسٹری کی پائیدار ترقی کے لیے جامع پالیسی تیار کی جائے۔ ان کے مطابق “پاکستان کی ماربل انڈسٹری میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ویلیو ایڈیشن وقت کی ضرورت ہے۔”

اٹلی کی ٹریڈ ایجنسی کے سربراہ نے ماربل کی پراسیسنگ میں جدید تکنیکوں کے استعمال اور مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

ہارون اختر نے اس موقع پر حکومت کے اس عزم کو دوہرایا کہ پاکستان ماربل انڈسٹری کی ترقی کے لیے اٹلی کے ساتھ طویل مدتی تعاون جاری رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں