اسلام آباد : بسلسلہ شب معراج ثقافتی قونصلیٹ میں ایک عظیم الشان محفل کا اہتمام کیا گیا جس میں شیعہ و سنی نامور علمائے کرام و شعرا حضرات نے شرکت فرماکر نذرانہ عقیدت بحضور پیغمبر اکرم ؐ پیش کیا۔
جس سے خطاب کرتے ہوئے سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ثقافتی قونصلر جناب احسان خزاعی نے کہا کہ پاکستان کی طرح ایران میں بھی 27 رجب المرجب کو نہایت عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے جبکہ رات بھر عبادات کی جاتی ہیں۔ وہ ثقافتی قونصلیت میں معراج مصطفی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دن اور رات کی اہمیت اسی لیے بڑھ گئی ہے کہ اس دن رسول اکرم ؐ کو خدائے بزرگ نے اپنے پاس بلا کر معراج عطا کی ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ پیغمبر اسلام صرف مسلمانوں کے نہیں بلکہ تمام عالم انسانیت کے لیے رحمت ہیں۔ اسی طرح ان کے اہلبیت ؑ ک عزت و احترام بھی ملحوظ خاطررکھنا ہے کیونکہ ان کی نسبت پیغمبر ؐ کی سے ہے اور پیغمبر ؐ نے اپنے اہلبیتؑ کی عظمت بارہا بیان فرمائی ہے۔ ہمیں پیغمبر اسلامؐ کی سیرت و کردار کو اپنانا چاہئے کیونکہ ان کا اسوہ حسنہ مکمل و بہترین ہے جبکہ ہماری نجات کا بھی ذریعہ ہے۔ ہمیں یہ بھی سمجھنا چاہیے کہ پیغمبر اسلام ؐ اور اہلبیت ؑ کی تعلیمات کا محور و مرکز امت کا اتحاد ہے جس پر عمل پیرا ہوکر ہمیں اسلام اور مسلمانوں کے دشمنوں کے اسلام کے بارے میں غلط تاثر کو زائل کرنا چاہئے۔
تقریب کے آغاز میں قاری علی مہدی نے تلاوت قرآن جبکہ حیدر علی نے نعت رسول ؐ پڑھنے کا شرف حاصل کیا جبکہ جناب خرم خلیق، وفا چشتی، ڈاکٹر اختر علی چشتی، طاہر عزیز خان نے نعتیہ اشعار پیش کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حیدر علوی نے کہا کہ آج کی رات ہمیں یہ سوچنا چاہیے کہ ہم مسلمان کیوں تفرقوں میں پڑ گئے ہیں؟ انہوں نے مزید کہا کہ تفرقہ بازی نے ہمیں بہت کمزور کیا ہے اس لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا چاہیے۔
علامہ پیر محمد سعید احمد نقشبندی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری کوششوں سے ٹیکسلا میں مذہبی رواداری مثالی ہے۔
علامہ قاسم محمدی مومنی نے کہا کہ قرب الہی کے لیے تمام مخلوق خدا کو بندگی کو اوڑھنا بچھونا بنا نا ہوگا۔
حجت الاسلام و المسلمین جناب انور نجفی نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای کے فرمودات کے مطابق یہ سب سے اہم ترین عید ہے جس دن رسول اکرم(ص) کو بعثت و معراج عطا ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو علم رسول اکرم ؐ کا خود خدائے بزرگ نے عطا کیا مسلمانوں کو اسے سمجھنا چاہیے تاکہ وہ دنیا کی راہنمائی و رہبری کرسکیں۔ تقریب میں اسلام آباد کی معروف علمی و ادبی شخصیات نے شرکت کی۔
0