لاہور میں پیدا ہونے والی ماہرِ اقتصادیات سعدیہ زاہدی یکم نومبر 2026 سے ذمہ داریاں سنبھالیں گی، عالمی فضائی صنعت کی تاریخ میں پہلی خاتون سربراہ بن جائیں گی۔
جنیوا، (24 جولائی 2026): انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (IATA) نے پاکستانی نژاد اور لاہور میں پیدا ہونے والی ماہرِ اقتصادیات سعدیہ زاہدی کو ادارے کا نیا ڈائریکٹر جنرل مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ یکم نومبر 2026 سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گی، جبکہ موجودہ ڈائریکٹر جنرل ولی والش 31 جولائی کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔
سعدیہ زاہدی IATA کی تاریخ میں اس اہم منصب پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہوں گی۔ اس وقت وہ ورلڈ اکنامک فورم (WEF) میں منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں اور عالمی معیشت، ترقی اور پالیسی سازی کے شعبوں میں وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔
IATA کے بورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ سعدیہ زاہدی کی قیادت، عالمی وژن اور بین الاقوامی تجربہ تنظیم کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ بورڈ کے مطابق وہ فضائی صنعت کو محفوظ، مؤثر اور پائیدار انداز میں آگے بڑھانے کے لیے نئی سوچ اور مؤثر قیادت فراہم کریں گی۔
اپنے پیغام میں سعدیہ زاہدی نے کہا کہ وہ رکن ایئرلائنز، حکومتوں اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر فضائی صنعت میں جدت، مضبوطی اور ماحول دوست ترقی کو فروغ دینے کے لیے کام کریں گی۔
سعدیہ زاہدی ایسے وقت میں IATA کی قیادت سنبھال رہی ہیں جب عالمی فضائی صنعت مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال، بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتوں، ماحولیاتی چیلنجز اور 2050 تک نیٹ زیرو اخراج کے ہدف جیسے اہم مسائل سے دوچار ہے۔
یہ تقرری نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی خواتین کی قیادت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے اعتراف کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔