ملتان (وسیم خان) ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ملتان کی نو منتخب عہدےداران برائے سال 2020-21ء نے سالانہ جنرل اجلاس میں حلف اٹھا لیا
مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب صدر نویرہ فہد نے کہا کہ موجودہ مالی سال میں کرونا وائرس کے باعث ویمن چیمبر کی سرگرمیاں انتہائی محدود رہی ہیں اور وبا کے پیش نظر تقریباً تمام خواتین گھروں میں احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے بند تھیں
کرونا جیسے مشکل وقت کو تمام خواتین نے مل جل کر گزار لیا ہے
انشاءاللہ بہت جلد ویمن چیمبر ملتان کی سرگرمیاں معمول کے مطابق بحال ہوں گی
ویمن چیمبر آف کامرس ملتان میں بہت جلد ہنر مند خواتین کے لیے بلیو فیئر منعقد کروایا جائے گا جو کہ کرونا کے باعث گزشتہ سال منعقد نہیں ہو پایا تھا
جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے شہر ملتان میں خواتین کی کاروباری حوصلہ افزائی اور ٹریننگ کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں گے تاکہ انکی مصنوعات کو گلوبل مارکیٹ میں متعارف کروایا جا سکے
اس موقع پر سینئر نائب صدر فرح ثاقب اور نائب صدر نادیہ وسیم نے بھی اپنے عہدے کا حلف اٹھایا اور جنوبی پنجاب کی خواتین کی حوصلہ افزائی کا عزم ظاہر کیا
تقریب میں ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ملتان کی مالی سال 2019-20 کی مالی رپورٹ پیش کی گئی جس کے مطابق چیمبر کے اکاؤنٹ میں 50 لاکھ سے زائد رقم موجود ہے جو کہ موجودہ مالی سال میں خواتین کی تربیت اور کاروباری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خرچ کی جائے گی
اس موقع پر ایگزیکٹو باڈی کی ممبران میں عنبرین عباس، فرح فیصل، حمیرہ بتول، معصومہ سبطین، فلزاممتاز، نویرافہد، اقصیٰ خاکوانی، صباحت نسیم، شازیہ ارشاد، خالدہ جاوید، روبینہ رفعت اور نسیم شوکت سمیت دیگر ممبران موجود تھی
اس موقع پر ویمن چیمبر کی ممبر فرح کھیتران کے دیور کے اچانک انتقال پر ان کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی بھی کروائی گئی اور خواتین ممبرز میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں