اسلام آباد (وجاہت حسین) تاجروں کے ساتھ زیادتیاں کرنے والے کبھی بھی تاجروں کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے
ان خیالات کا اظہارتاجر ویلفیئر گروپ کے نامزد امیدوار برائے صدر راجہ ذوالفقار نے کراچی کمپنی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا
جلسے میں تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور تاجر ویلفیئر گروپ کی حمایت میں نعرے لگائے
جلسے کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبولﷺ پڑھی گئی
راجہ ذوالفقار نے مزید کہا کہ تاجر ویلفیئر گروپ کی مقبولیت دیگر گروپوں سے ہضم نہیں ہو رہی
جو لوگ اب تاجروں کو سہانے خواب دکھا رہے ہیں وہ اس وقت کہاں تھے جب تاجروں سے زبردستی دکانیں خالی کروائی جا رہی تھیں
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تاجر ویلفیئر گروپ کے نامزد امیدوار برائے سینئر نائب صدرمحمد رازق خان اخون خیل نے کہا کہ میں آج سب سے پہلے حکیم محمد ریاض اور ان کی برادری کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے ہمارا ساتھ دیا اور میں جی نائن مرکز کے ووٹروں اور سپوٹروں اور تاجر ویلفیئر گروپ کے نمائندوں کا شکرگزار ہوں کہ وہ ہماری بھرپور حمایت کرتے ہیں
تاجر یونین کو اپنے گھرکی جاگیر سمجھنے والے اب شدید پریشانی کا شکار ہیں اور انہیں یہ خوش فہمی تھی کہ وہ تا حیات یونین کے عہدیدار رہیں گے مگر افسوس کہ ان کے خواب پورے نہیں ہو سکے کیونکہ جی نائن مرکز کے غیور تاجر کھرے اور کھوٹے کی پہچان رکھتے ہیں
انہوں نے مزید کہا کہ سب تاجر مجھے بہت عزیز ہیں اور میں عوامی خدمت پر یقین رکھتا ہوں اس لئے اب آپ کو نہ تو خوفزدہ ہونے کی ضرورت ہے اور نہ ہی گھبرانے کی ضرورت ہے کیونکہ آپ کا بھائی آچکا ہے
جو لوگ مرکز کے تاجروں کی آواز سننا تک پسند نہیں کرتے تھے آج وہ تمام دکانداروں اور سٹال ہولڈرز سے معافیاں مانگ کر ووٹ حاصل کرنے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں مگر اب ان کا وقت ختم ہو چکا ہے کیونکہ اگر اتنی ہی شرمندگی تھی تو پہلے معافیاں مانگ لیتے
ہم خدمت کو عبادت سمجھتے ہیں اس لئے اب جی نائن مرکز میں صرف تاجروں کا راج چلے گا اور ان کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرینگے
جلسے سے حکیم محمد ریاض، سید محمد اظہر، خان ولی، راجہ جاوید، ہارون بٹ، رانا وقاص اور میاں محمد شبیر نے بھی خطاب کیا