0

شہدائے پولیس کے نام سے منسوب بیرک اور چیک پوسٹ کا افتتاح

اسلام آباد (وجاہت حسین) آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے شہید اے ایس آئی محسن ظفر اور اے ایس آئی سجاد احمد کے نام سے منسوب پولیس بیرک اور چیک پوسٹ کا افتتاح کر دیا

دونوں اے ایس آئیز نے تھانہ ترنول کے علاقہ 26 نمبر چونگی ناکے پر دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا

26 نمبر چونگی پولیس چیک پوسٹ اور تھانہ ترنول میں بیرک شہیدوں کے نام سے منسوب کردی گئی

افتتاح کے موقع پر شہداء کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی

آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے شہدا کی فیملی کے ہمراہ تختی کی نقاب کشائی کی

افتتاحی تقریب کے دوران ڈی آئی جی آپریشنز، ایس ایس پیز، زونل ایس پیز، شہدا کی فیملیز اور علاقہ معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی

اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ملک و قوم کے لئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے ہیروز ہیں

ہمارے جوانوں نے سینے پر گولیاں کھاتے ہوئے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی خاطر خود کو قربان کیا

اسلام آباد پولیس کے افسران و جوانوں نے فرائض منصبی کے دوران بڑی تعداد میں شہادت قبول کی لیکن سماج دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کے سامنے نہیں جھکے

انہوں نے دوسرے پولیس اہلکاروں پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی زندگی لوگوں کی خدمات کے لئے وقف کریں کیونکہ اس سے بہتر کوئی دوسرا کام نہیں

محکمہ پولیس کو اپنے ان بہادر شہیدوں پر فخر ہے جنہوں نے اپنے خون سے سنہری باب لکھا ہے اور شہریوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کیا ہے

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ وہ وزیراعظم کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اسلام آباد پولیس کے شہدا کے لئے خصوصی پیکیج کی منظوری دی ہے اور شہدا کے اہل خانہ کو امداد فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے

شہید اہلکاروں کے بچوں کو یا خاندان کے ایک فرد کو اسلام آباد پولیس میں ملازمت دی جا رہی ہے جبکہ شہدا کے اہل خانہ کی سہولت کے لئے پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں ایک خصوصی ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے جہاں پر شہدا کے اہل خانہ بغیر کسی مشکل کے اپنے مسائل کے حل کے لئے جا سکتے ہیں

آئی جی اسلام آباد نے شہدا کی فیملیز سے ملاقات کی اور یقین دلایا کہ وہ کسی بھی مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور ہمارے روشن مستقبل کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی خدمات کو فراموش نہیں کریں گے

شہید اے ایس آئی محسن ظفر اور سجاد احمد نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے لوگوں کا دل جیت لیا ہے جس سے محکمہ پولیس کا نام روشن ہوا ہے

آئی جی اسلام آباد نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدا کی روحوں کو ابدی سکون عطا کرے

آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ ہم سی ٹی ڈی کمپلیکس میں شہید محسن ظفر اور سجاد احمد کے نام سے منسوب ایک بلاک کا بھی افتتاح کر چکے ہیں

اس موقع پر بیوہ خاتون کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بیٹے کو بھی مادر وطن کے لئے قربان کرنے کو تیار ہیں

انہوں نے آئی جی اسلام آباد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ ایک درد رکھنے والے انسان ہیں اور شہدا کی فیملیز کے لئے بہترین اقدامات اٹھا رہے ہیں

آخر میں آئی جی اسلام آ باد نے شہدا کے بچوں کو پیار کیا اور ان کی فیملیز کو پولیس کی طرف سے تحفے تحائف بھی دیے اور ترنول تھانہ میں قائم پولیس بیرک اور چیک پوسٹ کا معائنہ کیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں