0

تازہ برفباری سے مری کی خوبصورتی میں اضافہ، تمام سڑکیں سیاحوں کے لیے کھلول دی گئیں

اسلام آباد (فروری 2026،11)مری میں حالیہ برفباری نے موسم کو نہایت دلکش بنا دیا ہے اور اس حسین پہاڑی مقام کی خوبصورتی میں مزید نکھار پیدا کر دیا ہے۔ ہلکی برفباری کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا جبکہ مختلف مقامات پر تقریباً چار انچ تک برف جمع ہونے کی اطلاع ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مری، ڈاکٹر محمد رضا تنویر سپرا کے مطابق برفباری کے باوجود شہر کی تمام اہم سڑکیں ٹریفک کے لیے بحال اور کھلی ہیں، جس کے باعث سیاح بلا جھجھک مری کا رخ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وقفے وقفے سے ہونے والی برفباری اور بارش کے سبب سردی کی شدت میں اضافہ ہوا اور درجہ حرارت کم ہو کر تین ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ تاہم ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس نے بروقت اقدامات کرتے ہوئے شاہراہوں کو برف سے صاف رکھا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہوئی۔

ڈی پی او نے واضح کیا کہ کسی بھی گاڑی کے پھنسنے یا سیاحوں کے محصور ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے سیاحوں کو مشورہ دیا کہ حدِ نگاہ میں کمی کے پیشِ نظر فوگ لائٹس کا استعمال کریں، غیر ضروری اوورٹیکنگ اور تیز رفتاری سے اجتناب کریں اور گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔

مزید برآں، کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 یا ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن پر فوری رابطہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں