اسلام آباد (27 فروری 2026)محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم زیادہ تر خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔ میٹ آفس کی پیشگوئی کے مطابق مختلف خطوں میں دن کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں خشک موسم برقرار رہے گا جبکہ صبح سویرے اور رات کے وقت سردی محسوس کی جائے گی۔ وفاقی دارالحکومت میں دن کا درجہ حرارت 27 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت سردی برقرار رہے گی۔ میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 29 سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں 20 سے 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کی توقع ہے۔ چترال اور ملحقہ علاقوں میں شام یا رات کے دوران جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں خشک موسم کی پیشگوئی ہے۔ مری، گلیات اور گرد و نواح میں سرد اور جزوی ابر آلود موسم متوقع ہے، جبکہ وسطی اور جنوبی اضلاع میں دن کا درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔ نارووال اور سیالکوٹ میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا اور دن کا درجہ حرارت 33 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ اسی طرح بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی خشک موسم متوقع ہے، جبکہ شمالی اضلاع میں صبح اور رات کے وقت سردی برقرار رہ سکتی ہے۔ صوبے کے شمالی علاقوں میں درجہ حرارت 21 سے 23 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ جنوبی حصوں میں 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
کشمیر میں سرد اور جزوی ابر آلود موسم کی پیشگوئی ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں شام اور رات کے دوران چند مقامات پر جزوی ابر آلود موسم اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔