0

ملک کے کئی حصوں میں بارش اور برف باری کا امکان

اسلام آباد (جنوری 2026,18)— پاکستان محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، گرج چمک اور برف باری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک پر اثر انداز ہو رہا ہے جو 19 جنوری تک برقرار رہ سکتا ہے، جبکہ 20 جنوری سے اس کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے اور 21 جنوری کے بعد یہ سسٹم ملک کے بیشتر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

19 جنوری تک گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں وقفے وقفے سے بارش، تیز ہوائیں اور گرج چمک متوقع ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی نوعیت کی برف باری ہو سکتی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق 18 سے 20 جنوری کے دوران مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ اسی طرح 20 سے 23 جنوری کے دوران گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد، مری، گلیات، پوٹھوہار خطہ اور سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن کے مختلف اضلاع میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

پشاور، ہزارہ، ملاکنڈ، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے بیشتر علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔

20 جنوری کی رات سے 23 جنوری تک مری، گلیات، چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، وادیٔ نیلم، باغ، حویلی اور راولا کوٹ میں بھاری برف باری کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ادھر 21 اور 22 جنوری کو بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ 22 اور 23 جنوری کو سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔ اس دوران کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی اور ژوب میں درمیانی سے شدید برف باری ہو سکتی ہے۔

محکمۂ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے عوام کو خصوصاً پہاڑی علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، کیونکہ برف باری اور خراب موسم کے باعث سڑکوں پر پھسلن، حدِ نگاہ میں کمی اور سفری مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں