سانا کی جانب سے منعقدہ خواتین کنوینشن حیدرآباد میں عابد لاشاري نے خواتین کے بااختیار بنانے پر خطاب

حیدرآباد (3دسمبر 2026) سندھی ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ (سانا) کی جانب سے خواتین کنونشن، حیدرآباد سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل ڈس ایبلٹی اینڈ ڈوالپمنٹ فورم (این ڈی ایف) پاکستان کے صدر عابد لاشاری نے ذاتی کامیابی اور سماجی ترقی میں خواتین کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا اور کہا کہ میری کامیابی کے پیچھے عورت ہے—اور وہ میری ماں ہے۔”

عابد لاشاری نے بتایا کہ ان کی سب سے بڑی طاقت اور حوصلہ افزائی ان کی والدہ ہیں، جنہوں نے بچپن میں ایک افسوسناک آگ لگنے کے واقع کے بعد، جس میں وہ اپنے دونوں ہاتھوں سے محروم ہو گئے تھے، ان کی بحالی اور حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی ماں کوئی تھراپسٹ نہیں مگر ماں سے بڑی کوئی تھراپسٹ نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی ماں کی بدولت بااختیار ہوں۔ آج میں جو کچھ بھی ہوں، ان کی ہمت، دیکھ بھال اور یقین کی وجہ سے ہوں۔”

اپنے خاندان میں خواتین کی قیادت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ سائرہ لاشاری کو بااختیار بنایا، جو سماجی اور معاشی طور پر خودمختار ہیں اور اس وقت پاکستان ڈاؤن سنڈروم ایسوسی ایشن (PDSA)، کراچی کی صدر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گھر میں خواتین کو بااختیار بنانا معاشرے کے لیے قیادت فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آج وہ سندھ بھر میں 700 سے زائد ذہنی معذوری رکھنے والے بچوں کے لیے امید اور بحالی کا ذریعہ ہیں، جو این ڈی ایف ذھنی معذور بچوں کے مراکز کے ذریعے نوابشاہ، لاڑکانہ، حیدرآباد اور کراچی میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہ اقدامات افراد باہم معذوری کے محکمہ DEPD، حکومتِ سندھ، سانا اور دیگر مخیر حضرات کے تعاون سے جاری ہیں۔
خواتین کے معاشی حقوق پر بات کرتے ہوئے عابد لاشاری نے کہا کہ انہوں نے اپنی بہنوں کو ان کا جائز وراثتی حق دلوایا۔ اگرچہ اس فیصلے پر بعض رشتہ داروں کی جانب سے مزاحمت ہوئی، تاہم انہوں نے اسے ایک مثبت سماجی تبدیلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب دیگر خواتین بھی اپنے حق کے لیے آواز اٹھا رہی ہیں۔ یہی حقیقی بااختیاری ہے۔”
انہوں نے نئی نسل کی بااختیاری پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ ان کی بیٹی نور فاطمہ عابد لاشاری کو تعلیم کے میدان میں مزاحمت کے باوجود بھرپور تعاون دیا گیا، جس کے نتیجے میں انہوں نے اسکالرشپ حاصل کی اور اس وقت چین کی ایک یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔
خطاب کے اختتام پر عابد لاشاری نے زور دیا کہ پاکستان میں خواتین کو سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ جامع ترقی، صنفی انصاف اور پائیدار پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ جب خواتین بااختیار ہوتی ہیں تو خاندان مضبوط ہوتے ہیں، معاشرے ترقی کرتے ہیں اور قومیں آگے بڑھتی ہیں۔”