گرڈ سٹیشن شیخوپورہ میں واقع خصوصی اقتصادی زون کو بجلی فراہمی کے ذریعے صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا
لاہور (06 جنوری 2026) نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) نے 220 کے وی قائداعظم بزنس پارک گرڈ سٹیشن کو کامیابی کے ساتھ انرجائز کر کے پاکستان کے پاور ٹرانسمیشن نیٹ ورک کی توسیع میں ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ یہ گرڈ سٹیشن شیخوپورہ میں خصوصی اقتصادی زون میں بڑے صنعتی صارفین کی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے تعمیر کیا گیا ہے۔ حکومت پاکستان کی جانب سے کیش ڈپازٹ لون کے تحت 4 ارب روپے سے زائد لاگت سے مکمل ہونے والے اس منصوبے کا مقصد صنعتی آپریشنز، کاروبار اور اقتصادی ترقی کیلئے بجلی کی قابل اعتمادفراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

منیجنگ ڈائریکٹر ( این جی سی) انجینئر الطاف حسین ملک نے گرڈ سٹیشن کی تکمیل پراجیکٹ ٹیم کو مبارکباد دی اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بزنس پارک گرڈ سٹیشن کو طویل مدتی صنعتی توسیع اور جامع سماجی و اقتصادی ترقی میں مدد کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے اوریہ خصوصی اقتصادی زون کیلئے سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
قائداعظم بزنس پارک گرڈ سٹیشن کی 220/132 کے وی سطح پر ٹرانسفارمیشن کیپسٹی 500 ایم وی اے ہے جسے تقریباً 4 کلومیٹر طویل 220 کے وی ٹرانسمیشن لائنوں کے ذریعے نزدیکی گرڈسٹیشنز سے منسلک کیا گیا ہے۔ گرڈ سٹیشن سسٹم کو مزید مستحکم، وولٹیج پروفائل کو بہتر اور بھاری صنعتی اور مستقبل کی طلب کو پورا کرنے کیلئے درکار استعداد فراہم کرے گا۔ یہ پہلا گرڈ سٹیشن ہے جو خاص طور پر خصوصی اقتصادی زون کیلئے شروع کیا گیا ہے اور یہ شیخوپورہ، کالا شاہ کاکو، بنڈالہ (فیصل آباد) اور صنعتی زون سے منسلک گرڈ سٹیشنوں پر دباو کو بھی کم کرے گا۔
بجلی کی فراہمی کو بہتر بنانے اور لاسز میں کمی کے ذریعے، اس منصوبے سے صنعتی صارفین کوبجلی کی قابل اعتماد سپلائی میں اضافہ متوقع ہے جس کے نتیجے میں بجلی کی بندش میں کمی، پیداواری صلاحیت میں بہتری اورپیداواری لاگت میں کمی آئے گی۔ قابل اعتماد پاور انفراسٹرکچر کی دستیابی سے نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی، صنعتی ترقی کو تیز کرنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے،سپلائی چین کو مضبوط بنانے، وسیع تر اقتصادی اور سماجی و اقتصادی ترقی میں مدد ملنے کی بھی توقع ہے۔
اس منصوبے کو ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (اے ڈی اینڈ ایم) انجینئر رشید اے بھٹو اور جنرل منیجر (پراجیکٹ ڈیلیوری) نارتھ انجینئر محمد شاہد نذیر کی قیادت میں مکمل کیا گیا جبکہ پراجیکٹ ٹیم میں چیف انجینئر (پراجیکٹ ڈیلیوری) نارتھ انجینئر اصغر مجتبیٰ خان، پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر محمد عثمان وڑائچ،انجینئر احمد عمر دیوان، ایگزیکٹو انجینئر (پراجیکٹ ڈیلیوری) نارتھ، سب ڈویژنل انجینئرز رانا محمد زاہد حفیظ اور صداقت علی ودیگر شامل ہیں۔
واضح رہے کہ نیشنل گرڈ کمپنی نے گزشتہ ماہ 500 کے وی لاہور نارتھ گرڈ سٹیشن کوبھی انرجائز کیا تھا۔ ان دونوں منصوبوں کی تکمیل سے این جی سی کی نیشنل گرڈ کو مضبوط بنانے، ملکی صنعتی ترقی اور علاقائی طلب کو پورا کرنے کیلئے بجلی کی قابل اعتمادفراہمی کو یقینی بنانے کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔