0

نیشنل گرڈ کمپنی کا 500 کے وی لاہور نارتھ گرڈ اسٹیشن فعال

ایشین بینک کے تعاون سے مکمل کیا گیا منصوبہ لاہور اور گرد و نواح کے صارفین کو بجلی کی فراہمی میں بہتری لائے گا

لاہور: (15دسمبر2025) نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) نے 500 کے وی لاہور نارتھ گرڈ سٹیشن کو باضابطہ طور پر انرجائز کر دیا ہے جو پاکستان کے توانائی کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ یہ منصوبہ 20.7 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے اور اس کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)نے ملٹی ٹرانچ فنانسنگ فیسلٹی کے تحت مالی معاونت فراہم کی تھی۔ یہ گرڈ سٹیشن حالیہ برسوں میں پنجاب کے پاور ٹرانسمیشن انفراسٹرکچر میں شامل ہونے والے بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے۔

لاہور نارتھ گرڈ سٹیشن میں 500/220 کے وی سطح پر 3,000 ایم وی اے اور 220/132 کے وی سطح پر 750 ایم وی اے کی ٹرانسفارمیشن صلاحیت موجود ہے۔ اس منصوبے میں 113 کلومیٹر طویل 500 کے وی اور 45 کلومیٹر طویل 220 کے وی ٹرانسمیشن لائنز شامل ہیں جو اہم گرڈ سٹیشنز کو آپس میں منسلک کر کے ایک مربوط نیٹ ورک تشکیل دیتی ہیں۔
یہ منصوبہ پاکستان کے پاور سیکٹر کے لیے کئی اہم فوائد کا حامل ہے جن میں سی پیک منصوبے کے تحت ملک کے جنوبی حصے میں قائم کوئلے و دیگر ذرائع سے چلنے والے پاور ہائوسز سے پیدا ہونے والی سستی بجلی کی مؤثر ترسیل کو ممکن بنانا اور ±660 کے وی لاہور–مٹیاری (ایچ وی ڈی سی) ٹرانسمیشن لائن کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو یقینی بنانا شامل ہے۔ اس سے لاہور، گوجرانوالہ اور ملحقہ علاقوں کے موجودہ گرڈ سٹیشنز پر لوڈ بھی کم ہوگا۔ وولٹیج پروفائل میں بہتری کے نتیجے میں بجلی کی ترسیل زیادہ مؤثر ہوگی اور نقصانات میں کمی آئے گی جس کا براہِ راست فائدہ صارفین کو ملے گا۔ یہ گرڈ سٹیشن علاقے میں زرعی، تجارتی، صنعتی اور گھریلو صارفین کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
منیجنگ ڈائریکٹر (این جی سی) انجینئر الطاف حسین ملک نے لاہور نارتھ گرڈ سٹیشن کی تکمیل پر این جی سی ٹیموں کو سراہا۔ انہوں نے منصوبے کی کامیاب تکمیل میں شامل تمام افسران، انجینئرز اور عملے کی کاوشوں، پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

یہ منصوبہ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (ایسیٹ ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ) انجینئر رشید اے بھٹو اور جنرل مینیجر (پراجیکٹ ڈیلیوری) نارتھ انجینئر محمد شاہد نذیر کی نگرانی میں مکمل کیا گیا۔ منصوبے پر کام کرنے والی ٹیم میں انجینئر اصغر مجتبیٰ خان، چیف انجینئر (پراجیکٹ ڈیلیوری) نارتھ، انجینئر محمد عثمان وڑائچ، پراجیکٹ ڈائریکٹر (پراجیکٹ ڈیلیوری)، انجینئر عمر دیوان، ایگزیکٹو انجینئر (پراجیکٹ ڈیلیوری) اور انجینئر فاروق جہانگیر، پراجیکٹ منیجر (پی آئی یو) لاہور نارتھ شامل ہیں۔
یہ اہم کامیابی نیشنل گرڈ کمپنی کے اس وژن کی عکاسی کرتی ہے جس کا مقصد ایک مستحکم، مؤثر اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ پاور ٹرانسمیشن نیٹ ورک کی تعمیر ہے جو پاکستان کی معاشی ترقی میں مدد فراہم کر سکے۔ لاہور نارتھ گرڈ سٹیشن ملک کے معاشی طور پر اہم ترین علاقے کے لیے بجلی کی ترسیل کو مضبوط بنا کر، ملک کی انرجی سکیورٹی کو یقینی بنانے اور پائیدار ترقی کے فروغ میں بنیادی ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں