اسلام آباد: (19 جنوری،2027) وزیراعظم شہباز شریف کے دو اہم منصوبے، جن کے سنگِ بنیاد سیکٹر H-16 میں رکھے گئے تھے، زمین کے تنازعات اور مقامی افراد کے احتجاج کے باعث اب نئی جگہوں پر منتقل کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے جولائی 2024 میں جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر (JMCRC) اور مارچ 2025 میں دانش یونیورسٹی آف ایمرجنگ سائنسز کے سنگِ بنیاد رکھے تھے۔ دونوں منصوبوں کے لیے سی ڈی اے نے سیکٹر H-16 میں زمین مختص کی تھی، تاہم یہ زمین تنازعات کا شکار نکلی کیونکہ مقامی مالکان کو معاوضہ ادا نہیں کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق، احتجاج کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کو سیکٹر H-11/2 منتقل کیا جائے گا جبکہ دانش یونیورسٹی کے لیے پارک روڈ کے قریب جگہ تقریباً حتمی کر لی گئی ہے۔
مقامی افراد نے سی ڈی اے سے مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضے اور گھروں کے مطالبات کیے تھے۔ وزیراعظم نے اس صورتحال پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں منصوبے متبادل مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت دی۔
جناح میڈیکل کمپلیکس کا منصوبہ 212 ارب روپے کا ہے، جس کا پہلا مرحلہ 80 ارب روپے میں مکمل کیا جائے گا، جس میں جدید اسپتال تعمیر ہوگا۔ بعد ازاں میڈیکل کالج اور دیگر سہولیات قائم کی جائیں گی۔