0

پاکستان کا عالمی صحت کوریج اور علاقائی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد: پاکستان نے قاہرہ میں منعقدہ عالمی ادارہ صحت (WHO) کے اجلاس میں عالمی صحت کوریج (UHC)، علاقائی یکجہتی اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنے عزم کی تجدید کی ہے۔

یہ اعلان وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے عالمی ادارہ صحت کی مشرقی بحیرۂ روم ریجنل کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کا اجلاس میں خطاب

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سال کے اجلاس کے موضوع “صحت مند مستقبل کے لیے ساتھ: عمل، رسائی اور مساوات” سے مکمل طور پر متفق ہے، جو حکومت کے اس عزم کی ترجمانی کرتا ہے کہ وہ عوام کی صحت اور فلاح و بہبود کے لیے اپنے وعدوں کو عملی شکل دینے کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیرِ صحت نے بتایا کہ حکومت نے نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کے تحت ابتدائی سطح پر لازمی طبی خدمات کا پیکیج (EPHS) تیار کر کے اس پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے، تاکہ صحت کی سہولیات عام شہریوں تک مؤثر انداز میں پہنچ سکیں۔

ان اقدامات کے نتیجے میں پاکستان کے یونیورسل ہیلتھ کوریج انڈیکس میں نمایاں بہتری آئی ہے، جو 2015 میں 40 سے بڑھ کر 2024 میں 54 تک پہنچ چکا ہے۔

سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پاکستان نے قومی صحت تحفظ ایکشن پلان (2024-2028) کے نفاذ کے لیے اپنی تیاری اور ردِعمل کی صلاحیت میں اضافہ کیا ہے۔ اس ضمن میں پینڈیمک فنڈ کی جانب سے 18 ملین ڈالر کی گرانٹ اور اندرونی سرمایہ کاری نے اس عمل کو مزید تقویت دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں