0

پاکستان کی شدید مذمت: صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملہ انسانیت کے خلاف جرم ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ کے لیے امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی فوج کے حملے کو ’’بزدلانہ اور انسانیت دشمن اقدام‘‘ قرار دیا ہے اور اس پر شدید ترین ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر اس جارحیت کے خلاف آواز بلند کرتا رہے گا۔
وزیراعظم کے مطابق فلوٹیلا میں 44 ممالک کے 450 سے زائد امدادی کارکن سوار تھے، جن میں ڈاکٹرز، سماجی کارکن، صحافی اور سیاسی نمائندے شامل تھے۔ ان افراد کو اسرائیلی فورسز نے غیر قانونی طور پر حراست میں لیا۔
انہوں نے کہا کہ ان بے لوث کارکنان کا واحد مقصد غزہ کے مظلوم اور محصور عوام تک انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد پہنچانا تھا، مگر اسرائیل نے طاقت کے زور پر ان کا راستہ روکا اور بربریت کا مظاہرہ کیا۔
شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ:
تمام گرفتار کارکنان کو فوری اور غیر مشروط رہا کیا جائے۔
غزہ تک امداد کی بلا تعطل ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔
عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کو رکوانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’’فلسطین میں پائیدار امن کا قیام وقت کا سب سے بڑا تقاضا ہے، اسرائیلی بربریت کا خاتمہ کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔‘‘
دوسری جانب، اسرائیل کی جانب سے گلوبل صمود فلوٹیلا کو روکنے اور اس پر حملے کے خلاف دنیا بھر میں شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ مختلف ممالک میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، جن میں مظاہرین نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور اسرائیلی فوج کے اقدام کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں