0

پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میں دھند کی شدت کے پیشِ نظر موٹروے کے مختلف حصوں کو بند کر دیا گیا ہے

پاکستان (دسمبر 2026,5) — اتوار اور پیر کی درمیانی رات ملک کے مختلف علاقوں میں گہری دھند چھائے رہنے کے سبب پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ کے میدانی علاقوں میں موٹروے کے کئی حصوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق موٹروے ایم–1 پشاور سے برہان تک، ایم–3 فیض پور سے درخانہ تک، ایم–4 فیصل آباد سے ملتان تک اور ایم–5 ملتان سے ظاہر پیر تک ٹریفک کی آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ حدِ نگاہ نہایت کم ہونے کی وجہ سے ایم–5 پر رحیم یار خان سے روہڑی تک بھاری گاڑیوں کے داخلے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے یہ اقدامات کیے گئے ہیں، کیونکہ خطرناک موسمی حالات میں حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ قومی شاہراہ کے مختلف شہروں میں بھی دھند چھا رہی ہے اور وہاں بھی نظر کی حد خاصی محدود ہے۔

حکام نے وارننگ دی ہے کہ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی سنگین حادثات کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے ڈرائیوروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ لین ڈسپلن کی پابندی کریں، فوگ لائٹس استعمال کریں، رفتار کم رکھیں اور آگے چلنے والی گاڑیوں سے مناسب فاصلہ قائم رکھیں۔

مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سفر کے لیے دن کے اوقات کو ترجیح دیں۔ موٹروے پولیس کے مطابق نسبتاً بہتر حدِ نگاہ کے باعث محفوظ سفر کے اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور کسی بھی رہنمائی یا مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔ ترجمان کے مطابق نگرانی پر مامور ٹیمیں اہم شاہراہوں پر تعینات ہیں جو بدلتی موسمی صورتحال کے پیشِ نظر ٹریفک کی نگرانی اور حفاظت کو یقینی بنا رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں