اسلام آباد(جنوری 2026,25)آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ بالائی و پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی صورتحال برقرار رہے گی۔ پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں مختلف مقامات پر درمیانی سے شدید دھند کے باعث روزمرہ معمولات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے نواحی علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ علی الصبح بعض علاقوں میں کہر پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں سرد اور خشک موسم متوقع ہے، تاہم پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کے ساتھ جزوی ابر آلود موسم رہنے کی توقع ہے۔ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، بنوں، کرک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور آس پاس کے علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند چھائی رہ سکتی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ مری، گلیات اور قرب و جوار میں شدید سردی کے ساتھ مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ سیالکوٹ، نارووال، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، قصور، پاکپتن، ساہیوال، خانیوال، فیصل آباد، جھنگ، میانوالی، لیہ، بھکر، نورپور تھل، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، شورکوٹ، ملتان، کوٹ ادو، بہاولنگر، خانپور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں شدید دھند کا امکان ہے، جبکہ پوٹھوہار ریجن میں صبح کے وقت بعض مقامات پر کہر پڑ سکتی ہے۔
سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، شہید بینظیر آباد، دادو، لاڑکانہ، ٹنڈو جام، موہنجوداڑو اور ملحقہ علاقوں میں درمیانی سے شدید دھند متوقع ہے۔ بلوچستان کے زیادہ تر حصوں میں بھی سرد اور خشک موسم برقرار رہے گا، جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سردی اور جزوی ابر آلود موسم کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ڈیرہ بگٹی، کوہلو، ڈیرہ مراد جمالی، جعفرآباد، نصیرآباد، جھل مگسی، سبی اور اطراف میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا خدشہ ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد رہنے کے ساتھ مطلع جزوی سے مکمل ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ کشمیر میں صبح کے وقت کہر یا ہلکی دھند بھی پڑ سکتی ہے