0

چھاتی کے کینسر کی تشخیص میں آگاہی مہم کا کلیدی کردار ہے: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی اور ذہنی صحت کے لیے اجتماعی اقدامات کی اہمیت پر زور دیا

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے اور عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے کیونکہ یہ مرض ملک کی خواتین کی آبادی کے لیے بدستور خطرہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف انٹرنیشنل ہسپتال اور اسلام آباد میریٹ ہوٹل کے اشتراک سے منعقدہ بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب کا مقصد چھاتی کے کینسر کے خلاف جنگ میں جلد تشخیص، تعلیم اور کمیونٹی کی شمولیت کو یقینی بنانا تھا۔

اپنے کلیدی خطاب میں چیئرمین سینیٹ گیلانی نے معروف انٹرنیشنل ہسپتال اور اسلام آباد میریٹ ہوٹل کی چھاتی کے کینسر کے بارے میں شعور اجاگر کرنے میں مشترکہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی اور نجی شعبوں کے درمیان اس طرح کی شراکت داری صحت و تندرستی کے مقصد کو آگے بڑھانے اور زندگیاں بچانے کے لیے بہت ضروری ہے۔

چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے مہینے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اکتوبر کا مہینہ محض گلابی ربن اور عوامی مہمات کی ایک علامت نہیں بلکہ ایک ایسی بیماری کے بارے میں تجدید عہد اور تعلیم کا وقت ہے جو بہت ساری جانوں کے ضیاع کا باعث ہے۔

انہوں نے طبی برادری کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (ری آرگنائزیشن) ترمیمی ایکٹ 2025 کی حالیہ منظوری سے بھی آگاہ کیا، جس کی بدولت نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں کینسر کے مریضوں کی قومی رجسٹری ممکن ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پالیسی سازوں کو ملک بھر میں کینسر کی روک تھام اور کنٹرول کی حکمت عملیوں کو ڈیزائن کرنے میں مدد کے لیے اہم ڈیٹا فراہم کرے گا۔

اپنے خطاب کے اختتام پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے چھاتی کے کینسر اور ذہنی صحت کے چیلنجز سے لڑنے والوں کی ہمت کو خراج تحسین پیش کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے بریسٹ کینسر سروائیور عالیہ آغا کی حوصلہ افزائی کی اور تجویز پیش کی کہ انہیں بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی کے لیے گڈ ول ایمبیسیڈر بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں