اسلام آباد: (5 جنوری، 2026) چین کے سفارت خانے کے اسپورٹس اور کلچر اتاشی، چینگ پینگ نے اسلام آباد میں واقع لیژر سٹی باؤلنگ کلب، صفا گولڈ ایف-7 مرکز میں ٹین پن باؤلنگ کلب کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اور پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمٰن بھی موجود تھے.
پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمٰن نے چینی سفارت خانے کے اسپورٹس اور کلچر اتاشی چینگ پینگ کو پاک چین دوستی ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ کے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ پاک چین دوستی ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ اور 18ویں نیشنل ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ 24 سے 30 جنوری تک منعقد ہوں گی۔
چیمپئن شپ میں ملک بھر سے باؤلرز شرکت کریں گے۔ یہ ایونٹس پاک چین دوستی کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات کا حصہ ہوں گے۔ اس موقع پر گلوکار، موسیقار اور اداکار اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ اعجاز الرحمٰن کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا اور دونوں ملکوں میں باؤلنگ کے کھیل کو مقبول بنانا ہے۔
دورے کے اختتام پر اسپورٹس اور کلچر اتاشی چینگ پینگ نے پاک چین دوستی ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ کے بہترین انتظامات پر پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے صدر کا شکریہ ادا کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔