0

فضا علی کی ’لازوال عشق‘ پر تنقید: نوجوان نسل کو خطرناک سمت میں لے جایا جا رہا ہے


اداکارہ و میزبان فضا علی نے پاکستان کے پہلے ڈیٹنگ ریئلٹی شو ’لازوال عشق‘ پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے پروگرامز نوجوان نسل کی ذہن سازی کو منفی سمت میں موڑ رہے ہیں۔

ترکی میں فلمایا گیا ’لازوال عشق‘ آٹھ شرکا پر مشتمل ایک ڈیٹنگ شو ہے، جس میں چار مرد اور چار خواتین ایک ہی گھر میں رہتے ہیں اور دورانِ پروگرام اپنی پسند کا لائف پارٹنر منتخب کرتے ہیں۔

شو کے آغاز سے ہی اسے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔ صارفین نے اسے “غیر اسلامی” اور “مغربی ڈیٹنگ شوز کی نقل” قرار دیتے ہوئے پیمرا سے اس پر پابندی کا مطالبہ کیا۔ تاہم پیمرا نے وضاحت دی کہ چونکہ یہ پروگرام کسی ٹی وی چینل پر نشر نہیں ہو رہا بلکہ یوٹیوب پر دستیاب ہے، اس لیے ادارے کے قوانین اس پر لاگو نہیں ہوتے۔

تمام تر مخالفت اور بائیکاٹ کے باوجود ’لازوال عشق‘ یوٹیوب پر جاری ہے۔ اب تک دس اقساط نشر ہو چکی ہیں، جن میں ابتدائی اقساط نے زیادہ ویوز حاصل کیے، جبکہ بعد کی اقساط میں ناظرین کی دلچسپی میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔ مجموعی ویوز اس وقت تقریباً دو لاکھ کے قریب ہیں۔

اپنے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے فضا علی نے کہا کہ ایسے پروگرامز نوجوانوں کے ذہن میں یہ تصور بٹھا رہے ہیں کہ”ڈیٹنگ اور فحاشی معمول کا حصہ ہیں۔” ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے مواد میں لڑکیوں کے مختصر لباس کو عام کیا جا رہا ہے اور معاشرتی اقدار کو کمزور کیا جا رہا ہے۔

فضا علی نے کہا کہ کسی بھی شریف گھرانے کے والدین اپنی بیٹیوں کو اس طرح کے لباس پہننے یا لڑکوں کے ساتھ ڈیٹنگ کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور میں لوگ عزت کے بجائے شہرت کے پیچھے دوڑ رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اس طرح کے پروگرامز مقبولیت حاصل کر رہے ہیں۔

میزبان نے افسوس کا اظہار کیا کہ بہت سے لوگ شو کو ناپسند کرتے ہوئے بھی محض تجسس کی وجہ سے دیکھ رہے ہیں، جو معاشرتی رویوں میں تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں