اسلام آباد ( منزہ تنویر) گُذشتہ سال کی طرح امسال بھی بلیو ٹی وی نیٹ ورک، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ، ایسوسی ایشن آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل آرگنائزیشن اور رفاہ ہیلتھ کیئر سروسز نیز ویمن ویلفیئر اینڈ ڈیویلپمنٹ سنٹر کے باہمی اشتراک سے ادارہ ہذا میں بریسٹ کینسر آگاہی سیمینار نیز فری میڈیکل کیمپ منعقد کیا گیا جس میں ماہرِ امراضِ چھاتی (بریسٹ سرجنز، آنکالوجسٹس)، ریڈیالوجسٹس، اساتذہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں طالبات نے بھی شرکت کی۔

سیمینار سے ڈاکٹر شاندانہ گل، نبیلہ صدف، ڈاکٹر ثوبیہ خطیب، ڈاکٹر روبینہ فرید نے خطاب کیا جبکہ بریسٹ کینسر کے حوالے سے آگاہی فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اس مرض کی بروقت تشخیص ہی علاج کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ خود تشخیصی کی عادت اپنائیں اگر کوئی گلٹی محسوس ہو تو فوراً طبی معائنہ کروائیں تاکہ بیماری کو ابتدائی مرحلے میں ہی قابو کیا جا سکے۔

مقررین نے کہا کہ بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی محض ایک صحت کا مسئلہ نہیں بلکہ معاشرتی ذمے داری بھی ہے۔ ہر فرد کو اس مہم کا حصہ بننا چاہیے تاکہ معاشرے میں خواتین کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ پاکستان میں ہر نو میں سے ایک خاتون اس بیماری کا شکار ہو رہی ہے اس لیے اگر آگاہی اور بروقت علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں تو اموات کی شرح میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔

سیمینار کے اختتام پر کیک کاٹا گیا نیز مہمان خصوصی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے مقررین و منتظمین کو اسناد اور شیلڈز سے دیں۔

میڈیکل کیمپ میں بلڈ، شوگر، ہیپاٹائٹس بی و سی کے ٹیسٹ، بلڈ پریشر، آنکھوں اور دانتوں کے معائنہ کی بلا معاوضہ سہولت فراہم کی گئی تھی۔

شرکاء نے منتظمین کی اس مشترکہ کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام معاشرتی سطح پر خواتین کی صحت، آگاہی اور بہبود کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
