وزیراعظم شہباز شریف بدھ کے روز دو روزہ سرکاری دورے پر بحرین روانہ ہو گئے۔ وزیراعظم آفس کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی وفد میں شامل ہیں۔
ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف بحرین کے فرماں روا شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ، ولی عہد اور وزیراعظم سلمان بن حمد الخلیفہ اور نائب وزیراعظم شیخ خالد بن عبداللہ الخلیفہ سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ خوشگوار تعلقات کی علامت ہے اور دو طرفہ تعلقات کو نتیجہ خیز اور اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ٹیکنالوجی، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے بھی بات چیت کی جائے گی۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ ملاقاتیں دونوں ملکوں کے درمیان عوامی رابطوں میں اضافہ، نئے شعبوں میں تعاون اور باہمی مفاد کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم کردار ادا کریں گی۔
گزشتہ ماہ پاکستان-بحرین پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے پہلے اجلاس میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا جس کے تحت کاؤنٹر نارکوٹکس، انسدادِ دہشت گردی، کوسٹ گارڈ آپریشنز، بارڈر سکیورٹی اور پولیس ٹریننگ میں اشتراک بڑھایا جائے گا۔
دونوں ممالک نے حوالگی مجرمان، قانونی معاونت اور اسپیشلائزڈ بٹالین ٹریننگ سے متعلق مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی اتفاق کیا ہے۔
اس سے قبل ستمبر میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور بحرین کے وزیر داخلہ جنرل راشد بن عبداللہ الخلیفہ کے درمیان ملاقات میں انسدادِ دہشت گردی، انسدادِ منشیات اور امیگریشن کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا تھا۔
0