0

سرد لہر کی واپسی کے ساتھ پاکستان بھر میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی

اسلام آباد (9 فروری 2026) محکمۂ موسمیات نے آج سے 10 فروری تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی جاری کر دی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ 9 اور 10 فروری کے دوران پنجاب کے بعض اضلاع، بالخصوص مری اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔

بلوچستان:
8 اور 9 فروری کو کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات، مستونگ، بارکھان، سبی، لورالائی، خضدار، کیچ، گوادر، پنجگور اور آواران میں بارش جبکہ بلند علاقوں میں برفباری ہونے کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا:
9 اور 10 فروری کو چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، کوہستان، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، پشاور، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، کرم، بنوں، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک والی بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

پنجاب/اسلام آباد:
9 سے 10 فروری کے دوران مری، گلیات، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، خوشاب، جھنگ، نورپور تھل، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ اور نارووال میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، جبکہ لاہور میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ اس دوران چند علاقوں میں ژالہ باری اور جنوبی اضلاع میں تیز ہوائیں یا آندھی چل سکتی ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر:
9 اور 10 فروری کو دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر کے علاوہ آزاد کشمیر کے نیلم ویلی، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں بارش کے ساتھ برفباری کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

سندھ:
8 اور 9 فروری کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم جزوی طور پر ابر آلود سے ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں برفباری کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، لہٰذا مسافروں اور ڈرائیورز کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں