0

پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور قومی استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا: وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری

راولپنڈی (ہفتہ 31 اکتوبر 2026): وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور قومی استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، ریاست مخالف بیانیے اور ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ افواج پاکستان کے جوان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، ان کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔ شہداء اور ان کے اہل خانہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن عزیز کے تحفظ کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔ گزشتہ روز راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک سینئر اور قابل احترام سیاستدان ہیں تاہم ان کے حالیہ سیاسی مؤقف اور ماضی کے بیانات میں واضح تضاد دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بعض سیاسی عناصر مولانا کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرتے اور انہیں مختلف القابات سے پکارتے رہے جبکہ مولانا خود بھی ان عناصر کو یہودی ایجنٹ قرار دینے، غیر ملکی فنڈنگ کے ذریعے پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے مبینہ ایجنٹوں سے روابط جیسے سنگین الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔ اگر ماضی میں یہ الزامات درست تھے تو آج ان عناصر کے سیاسی موقف کی حمایت کیسے کی جا سکتی ہے اور اگر وہ الزامات درست نہیں تھے تو پھر ماضی میں اختیار کیا گیا سخت موقف کس بنیاد پر تھا، انہوں نے کہا کہ سیاسی معاملات میں اصولی موقف اور مستقل مزاجی ضروری ہے جبکہ قومی سلامتی اور ملکی استحکام جیسے حساس معاملات پر دوہرے معیار سے گریز کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے جوان محض ملازمت کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے پرچم، قومی سلامتی اور نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لیے دشوار گزار محاذوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سیاچن جیسے سخت ترین محاذ پر تعینات جوانوں کی قربانیاں اس عزم کی عکاس ہیں کہ پاکستان کا دفاع ان کے لیے سب سے مقدم ہے۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے قومی سلامتی کے ساتھ ساتھ سفارتی محاذ پر بھی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو پذیرائی ملی اور ملک نے اپنی دفاعی صلاحیت، قومی یکجہتی اور سفارتی حکمت عملی کے ذریعے اپنا مؤثر کردار منوایا۔ سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ دفاعی معاہدہ پاکستان کے بڑھتے ہوئے عالمی روابط کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کے دوران افواج پاکستان نے پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات اور قومی عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم ناکام بنائے، یہ کامیابیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اقتدار سنبھالا تو ملکی معیشت شدید مشکلات سے دوچار تھی اور پاکستان کو ڈیفالٹ کے خدشات کا سامنا تھا۔ معاشی مشکلات، سیاسی عدم استحکام اور چیلنجز کے باوجود حکومت نے ذمہ داری قبول کی اور معیشت کو سنبھالنے، استحکام کی جانب گامزن کرنے اور ترقی کا عمل دوبارہ شروع کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) انتشار، نفرت اور تقسیم کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی بلکہ کارکردگی، خدمت اور ترقی کی بنیاد پر عوام کا اعتماد حاصل کرنے کی قائل ہے۔ مخالفین پر تنقید اور عوام کو اشتعال دلانا آسان ہے لیکن تعمیر و ترقی کا سفر جاری رکھنا اور عوامی مسائل حل کرنا اصل سیاسی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ کارکنوں کو تشدد اور انتشار کی طرف لے جانے کے بجائے مفاہمت، قومی اتحاد اور جمہوری اقدار کا درس دے۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے راولپنڈی میں ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں ہسپتالوں، تعلیمی اداروں، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوامی خدمت اور عملی کارکردگی ہے یہی وجہ ہے کہ پارٹی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے سامنے جواب دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قائم ہونے والی واحد نظریاتی مملکت ہے، اس کا دفاع اور استحکام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پاکستان کو کمزور کرنے اور عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کسی بھی کوشش کا مقابلہ قومی اتحاد، مضبوط دفاع اور مؤثر سفارت کاری کے ذریعے کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں