ویمن چیمبر کی جانب سے تجارتی وفد کی آڑ میں ویزے فروخت کرنے اور انسانی سمگلنگ کا الزام بے بنیاد ہے،صدر ایف پی سی سی آئی
ملک کی اعلی ترین تجارتی تنظیم پر ایسے من گھڑت الزامات بدنیتی پر مبنی اور ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی دانستہ کوشش ہیں، ردعمل
اسلام آباد () صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری عاطف اکرام شیخ نے ایف پی سی سی آئی عہدیداران پر تجارتی وفد کے نام پر انسانی اسمگلنگ اور ویزے فروخت کے الزامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویمن چیمبر کی جانب سے تجارتی وفد کی آڑ میں ویزے فروخت کرنے اور انسانی سمگلنگ کا الزام بے بنیاد ہے،ملک کی اعلی ترین تجارتی تنظیم پر الزامات بدنیتی پر مبنی اور ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی دانستہ کوشش ہیں۔
اپنے ایک بیان میں عاطف اکرام شیخ نے مبینہ تنازع کے حوالے سے ایف پی سی سی آئی کی طرف سے مکمل لا تعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی کسی بھی قسم کے ویزے جاری یا فروخت نہیں کرتی، تجارتی وفود کا مقصد صرف تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کا فروغ ہے،ایف پی سی سی آئی ملکی قوانین اور طے شدہ ضوابط کے ساتھ کام کرنے کیلئے سرگرم ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے مزید کہا کہ ایف پی سی سی آئی کا مبینہ ویزہ اسکینڈل، انسانی سمگلنگ یا کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں ، ایف پی سی سی آئی پاکستان کے تجارتی وفود کو شفافیت کے ساتھ بھیجنے کے عزم پر کار بند ہے ، ایف پی سی آئی نے خواتین وفد کیلئے ویزے کی کوئی درخواست دی نہ ہی ہماری سفارش پر کوئی ویزہ جاری کیا گیا
انہوں نے کہا کہ پالیسی کے تحت تمام ویزہ ریکمینڈیشن لیٹر مکمل جانچ پڑتال اور میرٹ کو مد نظر رکھ کر جاری کیے جاتے ہیں ، ایف پی سی سی آئی ویزہ خطوط کے حوالے سے تمام سفارتخانوں کی ہدایات پر سختی سے کار بند ہے۔