0

عمران خان سخت سیکیورٹی میں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل

سپریم کورٹ کے حکم پر سابق وزیراعظم عمران خان کو اڈیالہ جیل سے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کر دیا گیا، اسپتال اور اطراف میں پولیس و رینجرز کی بھاری نفری تعینات رہی جبکہ سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے آئی جی اسلام آباد بھی اسپتال پہنچے۔

اسلام آباد(21اگست 2026): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو جمعرات کی رات گئے سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

عمران خان کی منتقلی سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے کی گئی، جس میں انہیں طبی معائنے اور علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

عمران خان کو پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کی نگرانی میں اسپتال پہنچایا گیا۔ ان کے اسپتال پہنچنے سے قبل ہی شفا انٹرنیشنل کے اطراف سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی تھی، جبکہ مختلف مقامات پر ناکے اور رکاوٹیں قائم کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق منتقلی کے راستے اور اسپتال کے اطراف بھی اضافی نفری تعینات رہی۔

اسلام آباد کے انسپکٹر جنرل پولیس سید علی ناصر رضوی نے بھی اسپتال کا دورہ کیا اور عمران خان کی آمد کے بعد سیکیورٹی انتظامات کا دوبارہ جائزہ لیا۔ اسلام آباد پولیس کے سیکیورٹی آرڈر کے تحت مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 800 سے زائد اہلکار علاقے میں تعینات کیے گئے، جن کی ذمہ داری شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان برقرار رکھنے، ممکنہ دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانا ہے۔

پی ٹی آئی کے اطلاعاتی سیکریٹری شیخ وقاص اکرم نے کارکنوں اور عمران خان کے حامیوں سے اپیل کی کہ وہ اسپتال کے قریب جمع ہونے سے گریز کریں اور عمران خان کے علاج اور صحت کے پیش نظر اسپتال سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔

عمران خان کی اسپتال منتقلی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ان کی صحت سے متعلق خدشات کے باعث ان کے اہلِ خانہ اور پارٹی رہنما مسلسل طبی سہولیات کا مطالبہ کر رہے تھے۔ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو قرار دیا تھا کہ زیرِ حراست شخص بھی انسانی سلوک اور ضروری طبی نگہداشت کا حق رکھتا ہے، اور عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔

حکومت نے سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست بھی دائر کی تھی، تاہم جمعرات کو سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے نامکمل کاغذات کی نشاندہی کرتے ہوئے درخواست واپس کر دی۔ اس کے باوجود عمران خان کی اسپتال منتقلی عدالتی حکم کے مطابق عمل میں لائی گئی۔

عدالتی حکم کے تحت عمران خان کے طبی معائنے اور علاج کے لیے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ کی نگرانی میں اقدامات کیے جانے ہیں، جبکہ عدالت نے انہیں اگلی سماعت تک اسپتال میں رکھنے کی اجازت بھی دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں