کراچی (اسٹاف رپوٹر) مجلس وحدت مسلمین نے فرانسیسی جریدے”چارلی ہیبڈو” میں خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے گستاخانہ خاکوں کی دوبارہ اشاعت اور سویڈن میں قران مجید کو نذر آتش کرنے کے روح فرسا واقعات کے خلاف بعد از نماز جمعہ ملک بھر میں پُرامن احتجاج کا اعلان کیا ہے
ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ اسلام دشمن طاقتوں نے مسلمانوں کے خلاف کھل کر اعلان جنگ کر دیا ہے
استعماری و استکباری طاقتوں کے عزائم سے دانستہ لاعلمی کبوتر کی طرح بلی کو دیکھ کر آنکھیں بند کرنے کے مترادف ہے
آج دنیا بھر کی باطل قوتیں امت مسلمہ کے خلاف سر جوڑ رہی ہیں لیکن مسلمانوں کی یہ بدقسمتی ہے کہ ہم حقیقی دشمن کا ادراک کرنے کی بجائے آپس کے فروعی اختلافات میں الجھے ہوئے ہیں
اگر امت مسلمہ یہود ونصاریٰ کو اپنا دوست اور کلمہ گو بھائیوں کو فروعی اختلافات کی بنیاد پر اپنا ازلی دشمن سمجھتی رہی تو اس کا وجود ہمیشہ خطرے میں پڑا رہے گا
انہوں نے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مقدسہ پر ہماری جان بھی قربان ہے
شرپسندوں کی گستاخانہ حرکتیں ہماری مذہبی غیرت و حمیت کا امتحان ہے
مسلمہ امہ کی جانب سے اگر منہ توڑ جواب نہ دیا گیا تو یہ ہماری بے بسی کا اظہار ثابت ہو گا
انہوں نے کہا کہ تمام مسالک اپنے فروعی اختلافات سے بالاتر ہو کر اسلام دشمن لابی کے خلاف مشترکہ آواز بلند کریں
اس شرمناک واقعہ پر حکومت محض مذمتی بیان جاری کر کے بری الذمہ نہیں ہو سکتی
پاکستان سمیت تمام مسلم ریاستوں کو ایسے ممالک سے سفارتی و تجارتی تعلقات منقطع کردینے چاہئیے جو دین اسلام کی اساس کو نشانہ بنانے میں مصروف ہیں
انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین جمعہ کو ”روز حرمت قران و ناموس رسالت ص کے عنوان سے منا رہی ہے
ہم باطل قوتوں کی شرپسندانہ اور ناپاک عزائم کے خلاف اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے
کراچی مرکزی احتجاجی مظاہرہ بعد نماز جمعہ جامع مسجد نور ایماں ناظم آبادکے باہر منعقد کیا جائے گا