آبنائے ہرمز میں کشیدگی سے پاکستان سمیت پوری دنیا شدید معاشی بحران کی لپیٹ میں آسکتی ہے
اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی طاقتیں خاموش تماشائی بننے کے بجائے فوری جنگ بندی یقینی بنائیں
کوئٹہ (جمعرات 16 جولائی 2026): عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سید امان شاہ نے امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی جنگی کشیدگی پر انتہائی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس خطرناک تنازع کو فوری طور پر نہ روکا گیا تو اس کے اثرات صرف مشرقِ وسطیٰ تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پوری دنیا، خصوصاً پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک، شدید معاشی اور سیاسی بحران کی زد میں آ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری فوجی کارروائیاں، میزائل حملے اور آبنائے ہرمز کے گرد بڑھتی ہوئی کشیدگی عالمی امن کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکی ہیں۔
اس صورتحال سے تیل کی عالمی ترسیل متاثر ہونے، ایندھن کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے، مہنگائی میں مزید شدت، عالمی تجارت میں رکاوٹ اور اقتصادی عدم استحکام کے خدشات بڑھ گئے ہیں، جن کے براہِ راست منفی اثرات پاکستان سمیت کئی ممالک پر مرتب ہو سکتے ہیں۔
سید امان شاہ نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی جنگ، تشدد اور طاقت کے استعمال کی بجائے مذاکرات، سفارت کاری اور پرامن حل پر یقین رکھتی ہے۔
دنیا کو اس وقت مزید محاذ آرائی نہیں بلکہ امن، استحکام اور باہمی احترام کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں کو اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو پورے خطے کو تباہ کن جنگ کی طرف دھکیل دیں۔
انہوں نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)، سلامتی کونسل اور دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری اور مؤثر سفارتی کردار ادا کرتے ہوئے جنگ بندی، کشیدگی میں کمی اور بامقصد مذاکرات کا راستہ ہموار کریں تاکہ لاکھوں بے گناہ انسانوں کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں اور عالمی امن کو درپیش خطرات کا خاتمہ ہو۔
سید امان شاہ نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کو بھی موجودہ صورتحال پر گہری نظر رکھتے ہوئے قومی مفادات، توانائی کے تحفظ، معاشی استحکام اور عوام کو ممکنہ معاشی اثرات سے بچانے کے لیے بروقت اور مؤثر حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے متوازن سفارتی کردار کے ذریعے خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھنی چاہیے، کیونکہ پائیدار امن ہی عالمی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔