0

بلوچستان کا مسئلہ طاقت سے نہیں، سیاسی مکالمے سے حل ہوگا: سید امان شاہ

وفاق تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لے، اضلاع میں ردوبدل اور طاقت کا استعمال مسائل کا مستقل حل نہیں، صوبائی صدر عوام پاکستان پارٹی بلوچستان

کراچی/کوئٹہ (21 جولائی ,2026):عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سید امان شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ بنیادی طور پر ایک سیاسی مسئلہ ہے، جس کا پائیدار، منصفانہ اور قابلِ قبول حل صرف سنجیدہ، بامقصد اور نتیجہ خیز سیاسی مکالمے کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ وہ بلوچستان کی تمام سیاسی، سماجی، قبائلی اور مذہبی قیادت کو اعتماد میں لے کر جامع سیاسی ڈائیلاگ کا آغاز کرے تاکہ صوبے میں دیرپا امن، ترقی اور استحکام کی راہ ہموار ہو سکے۔

اپنے جاری کردہ بیان میں سید امان شاہ نے کہا کہ ماضی کے تجربات واضح کرتے ہیں کہ طاقت کے استعمال، انتظامی فیصلوں یا اضلاع میں ردوبدل سے مسائل کا مستقل حل نہیں نکلتا بلکہ اس سے عوام میں احساسِ محرومی اور بے چینی میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اپنے آئینی، جمہوری اور معاشی حقوق کے خواہاں ہیں، جنہیں تسلیم کرنا اور ان کی فراہمی کو یقینی بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی کا مؤقف ہمیشہ سے یہ رہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل کو طاقت کی بجائے سیاسی بصیرت، باہمی اعتماد اور قومی اتفاقِ رائے کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ عوام کو روزگار، معیاری تعلیم، صحت، بنیادی سہولیات اور فوری انصاف کی فراہمی بھی ناگزیر ہے، کیونکہ حقیقی ترقی صرف انفراسٹرکچر سے نہیں بلکہ عوام کی خوشحالی، اعتماد اور شراکت داری سے ممکن ہوتی ہے۔

سید امان شاہ نے مزید کہا کہ عوام پاکستان پارٹی بلوچستان آئین، جمہوریت، قومی یکجہتی اور پرامن سیاسی جدوجہد پر مکمل یقین رکھتی ہے اور تمام قومی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات، برداشت اور باہمی احترام کو ناگزیر سمجھتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے بلوچستان کے مسئلے کے مستقل، منصفانہ اور سیاسی حل کے لیے مثبت کردار ادا کریں گے تاکہ صوبے میں امن، خوشحالی اور ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں