اسلام آباد (منگل 16 جون 2026) اسلامی نظریاتی کونسل، پاکستان کے زیر اہتمام قومی بین المسالک ہم آہنگی کانفرنس برائے محرم الحرام بتاریخ 16 جون 2026ء، کونسل کے دفتر، اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ جس میں مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب آہنگی سردار محمد یوسف تھے۔ کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے جید علماء ومشائخ، جن میں حافظ طاہر محمود اشرفی، قاری محمد حنیف جالندھری، مولانا محمد احمد لدھیانوی، مولانا اشرف طاہر، مولانا فضل الرحمن خلیل، مولانا محمد شریف ہزاروی، مولانا محمد طیب قریشی، مولانا عبدالحق ثانی، صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، علامہ شبیر حسین میثمی، علامہ عارف حسین واحدی، علامہ سید محمد حسین اکبر، علامہ ناصر عباس شیرازی، پیر نقیب الرحمن، مفتی محمد حنیف قریشی، پیرزادہ محمد جنید امین، مولانا امتیاز احمد صدیقی، علامہ میر آصف اکبر، مولانا عادل عطاری، علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری، حافظ عبدالکریم بخش، علامہ سید افتخار حسین نقوی ،صاحبزادہ حسان حسیب الرحمٰن،مولانا عبدالخبیر آزاد،مفتی محمد زبیر،مولانا یٰسین ظفر،پیر سید علی رضا بخاری، پیر مظہر سعید،پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال جلالی اور مولانا ڈاکٹر محمد یعقوب شیخ نے شرکت کی اور پیغامِ پاکستان کی روشنی میں محرم الحرام کے حوالے سے متفقہ ضابطۂ اخلاق کی توثیق کی ۔ علمائے کرام نے متفقہ طور پر قرار دیا کہ تمام مکاتبِ فکر کو اپنے عقائد کی تبلیغ کی مکمل آزادی حاصل ہے، تاہم نفرت انگیز تقاریر، الزام تراشی اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ کسی بھی فرد کی تکفیر کا اختیار صرف عدالتوں کو حاصل ہوگا۔ کانفرنس کی طرف سے دہشت گردی کی کسی بھی شکل کو مکمل طور پر مسترد کیا گیا۔ مزید برآں انبیائے کرام، خاتم النبیین حضرت محمدﷺ، امہات المؤمنین، خلفائے راشدین، اہلِ بیت اطہار اور صحابہ کرام کی حرمت و عزت کے تحفظ پر مکمل اتفاق رائے کا اظہار کیا گیا۔ تعلیمی اداروں میں اختلافِ رائے کے آداب کو نصاب کا حصہ بنانے کی سفارش کی گئی، جبکہ خواتین، بزرگوں، بچوں اور کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ پر بھی زور دیا گیا۔ تمام شرکاء کانفرنس نےاتفاق کیا کہ ہم سب مل کر محرم کے دوران امن و امان کو برقرار رکھیں گے اور فرقہ واریت کا سدباب کریں گے۔ تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ نے محرم الحرام کو اتحاد، صبر اور قربانی کا مہینہ قرار دیتے ہوئے تمام شہریوں سے پرامن فضا کے قیام میں بھرپور کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔
کانفرنس میں ایران امریکہ امن معاہدہ میں پاکستان کی قیادت کی کوششوں کی کامیابی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ الحمد للہ اللہ کریم کے فضل و کرم سے پاکستان کی قیادت وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر نے جس طرح شب و روز محنت کی اور عالمی سطح کی قیادت کے ساتھ مل کر نہ صرف عالم اسلام کی وحدت اور اتحاد کو قائم رکھا بلکہ امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرکے دنیا کو تیسری عالمی جنگ سے محفوظ بنایا۔ گزشتہ سال ہندوستان کی طرف سے پاکستان پر جارحیت کے خلاف آپریشن بنیان المرصوص اور معرکۂ حق کی کامیابی پر اللہ کریم کا شکر ادا کرتے ہوئے وطن عزیز کے دشمن کے خلاف پاک فوج اور قوم کے اتحاد کو مثالی قرار دیا گیا اور شہداء و غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ علماء و مشائخ نے وطن عزیز کے خلاف دشمن کے ناپاک عزائم کے خلاف حکومت پاکستان، افواج پاکستان اور ملک کے سلامتی کے اداروں کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
0