0

پی این سی اے میں خطاطی نمائش.

اسلام آباد(دسمبر 16, 2025 ) پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) کے زیرِ اہتمام نورِ قلم خطاطی طلبہ نمائش نیشنل آرٹ گیلری، اسلام آباد میں منعقد کی گئی، جس میں چھ ماہ کے خطاطی کورس میں زیرِ تعلیم طلبہ کے تخلیقی فن پارے پیش کیے گئے۔

نمائش کی افتتاحی تقریب کی مہمانِ خصوصی پارلیمانی سیکرٹری، قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن، محترمہ فرح ناز اکبر تھیں، جنہوں نے نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے فرح ناز اکبر نے نورِ قلم نمائش کو سراہا اور کہا کہ اس روحانی اور بصری حسن سے بھرپور نمائش کا حصہ بن کر انہیں دلی مسرت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی جانب سے قرآنی آیات اور اسمائے حسنیٰ کی خوبصورت خطاطی ان کی محنت، نظم و ضبط اور فنی مہارت کی عکاس ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ نوجوان خطاط مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

مہمانِ خصوصی نے کلاس کوآرڈینیٹر محترمہ نوشابہ ناز کی خدمات کو بھی سراہا، جنہوں نے کورس اور نمائش کے کامیاب انعقاد میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ کلاس انسٹرکٹر جناب شبیراحمد ضیاء کو طلبہ کی فنی تربیت اور رہنمائی پر مبارکباد دی۔

نورِ قلم خطاطی نمائش نیشنل آرٹ گیلری، پی این سی اے میں 16 دسمبر سے 22 دسمبر تک عوام کے لیے کھلی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں