اسلام آباد (جمعرات 9 اپریل 2026) امن انسانی حقوق و ہم آہنگی کی معروف تنظیم انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ انسپاڈ کے صدر اور سابق مشیر انسانی حقوق حکومت آزاد کشمیر سردار محمد طاہر تبسم نے کہا ہے کہ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری نے امریکہ اسرائیل اور ایران کی خوفناک جنگ کو رکوا کر دنیا کو تباہی سے بچایا ہے جو ہماری سیاسی وعسکری مدبرانہ قیادت کی بے مثال دوراندیش ثالثی و کامیاب سفارت کاری ہے جس سے عالمی امن کی کوششوں کو تقویت ملی ہے ورنہ جس طرح دوطرفہ تباہی اور انسانی جانوں کا نقصان ہو رہا تھا کسی طور عقل مندانہ بات نہیں تھی۔ امریکہ و اسرائیل نے ملکر ایران کی سیاسی و عسکری قائدین اور ہزاروں ایرانیوں کو شھید کیا اور املاک کو نقصان پہنچایا ہے یہ کوئی ذمہ دار قوم برداشت نہیں کر سکتی اور ایرانی قوم نے ثابت کر دیا ہے وہ ایک عظیم دلیر اور بہادر قوم اور بہت بڑی طاقت بھی ہیں انہیں فتح کرنے کے خواب دیکھنا تجاہل عارفانہ ہے۔ جزوی جنگ بندی کے لئے پاکستان کے کلیدی کردار کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دارانہ اور مثبت ملک کا کردار ادا کرتے ہوئے پرامن مکالمے اور عالمی قانون کی پاسدراری کی ہے جس کی وجہ سے پاکستان پر دنیا اعتماد کرتی ہے۔ بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل اور بھارت بھی طاقت و حماقت کے زعم سے نکل کر مکالمہ کو اپنائیں تو فلسطین و کشمیر کے دیرینہ حل طلب تنازعات کا حل فوری ممکن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے دو ہفتے کی جنگ بندی کے لئے کامیاب حکمت عملی اور مضبوط سفارت کاری پر وزیر اعظم میاں شہباز شریف، کمانڈر آرمڈ فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ جلد ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے اور دھشت گردی کو ختم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔
0