اسلام آباد: (30،جون،2026) وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کے روز زرعی شعبے کی بہتری کے لیے فوری طور پر ایک جامع قومی زرعی پالیسی تیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے وزارتِ قومی غذائی تحفظ، تحقیق اور زرعی اصلاحات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا حکم دیا۔
انہوں نے زرعی شعبے میں جدت، بہتر منصوبہ بندی اور فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی زرعی فورم (Agriculture Apex Forum) قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صوبوں سے مشاورت کے بعد جلد از جلد ایک جامع قومی زرعی پالیسی کو حتمی شکل دی جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ایگریکلچر انوویشن اینڈ گروتھ پلان پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے زرعی اپیکس فورم ہر ماہ اجلاس منعقد کرے۔
وزیراعظم نے زرخیز زرعی قرضہ پروگرام کے بارے میں ملک گیر آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ کسانوں کو زرعی قرضوں تک آسان رسائی حاصل ہو سکے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل (PARC) کو زرعی تحقیق کا حقیقی سنٹر آف ایکسی لینس بنایا جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ زرعی شعبہ پاکستان کو پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہتر بیجوں، جدید زرعی ٹیکنالوجی، پانی اور کھاد کی بروقت دستیابی سے فی ایکڑ پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔
انہوں نے زرعی اجناس میں ویلیو ایڈیشن، بہتر گوداموں اور جدید ذخیرہ کرنے کی سہولیات پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس کے دوران شرکاء کو زرعی شعبے میں اصلاحات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی اور مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔
نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر (NARC) کے حکام نے بتایا کہ ادارہ آزمائشی بنیادوں پر ملٹی گرین آٹا تیار کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کسانوں کی سہولت کے لیے ایک مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی موبائل ایپلیکیشن تیار کی جا رہی ہے، جو فصلوں کی بیماریوں اور کیڑوں کی نشاندہی کے ساتھ مؤثر تدارک کی سفارشات بھی فراہم کرے گی۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ نیشنل کریڈٹ گارنٹی کمپنی لمیٹڈ کسانوں کو کم لاگت زرعی قرضوں تک بہتر رسائی فراہم کرنے کے لیے مالی معاونت مہیا کرے گی۔
حکام نے بتایا کہ قومی بیج پالیسی اور قومی زرعی بایوٹیکنالوجی پالیسی کی حال ہی میں منظوری دی جا چکی ہے۔
اسی طرح پاکستان نیشنل اولیو ویلیو چین پالیسی پر مشاورت مکمل ہو چکی ہے اور اسے جلد وفاقی کابینہ کی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ قومی گندم پالیسی اور لائیو اسٹاک سے متعلق متعدد پالیسیوں پر مشاورت جاری ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے زراعت احمد عمر اور متعلقہ وزارتوں و اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔