کھیلوں کے فروغ کے لیے اویس اسپورٹس کی کاوش قابلِ تحسین، یوسف خان کا خصوصی اظہارِ تشکر
کراچی (سوموار 24 اگست 2026): ڈسٹرکٹ سینٹرل کی فٹبال سرگرمیوں کے فروغ اور فٹبال سے محبت و خدمت کے جذبے کے تحت اویس اسپورٹس کے چوہدری اسرار اور ان کے صاحبزادے چوہدری بلال کی جانب سے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے تحت پاکستان فٹبال کنیکٹ پر رجسٹرڈ تمام فٹبال کلبوں میں دو، دو فٹبال تقسیم کیے گئے۔یہ اقدام نہ صرف ڈسٹرکٹ سینٹرل میں فٹبال کے فروغ کے لیے ایک قابلِ تحسین کاوش ہے بلکہ نوجوان کھلاڑیوں اور فٹبال کلبوں کی حوصلہ افزائی اور کھیل سے محبت و خدمت کا عملی اظہار بھی ہے۔
نارتھ برادرز فٹبال کلب، ڈسٹرکٹ سینٹرل کے صدر یوسف خان کی جانب سے اویس اسپورٹس کے چوہدری اسرار اور چوہدری بلال کا خصوصی طور پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا گیا کہ انہوں نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے فٹبال کلبوں کو فٹبالز فراہم کرکے کھیل اور بالخصوص فٹبال کے فروغ میں ایک قابلِ قدر اور مثالی کردار ادا کیا۔
یوسف خان نے کہا کہ ان کی یہ کاوش نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور فٹبال کے میدانوں کو آباد رکھنے کے لیے یقیناً قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ نارتھ برادرز فٹبال کلب کی جانب سے اس جذبۂ خدمتِ کھیل کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور امید ہے کہ مستقبل میں بھی فٹبال کی ترقی و ترویج کے لیے یہ تعاون جاری رہے گا۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل کے صدر کفایت اللہ نے اویس اسپورٹس کی جانب سے فٹبال کلبوں کو فٹبالز کی فراہمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوں خصوصاً فٹبال کے فروغ کے لیے نجی شعبے اور کھیلوں سے وابستہ افراد کا تعاون قابلِ ستائش ہے، ایسی مثبت سرگرمیاں نوجوانوں کو کھیل کے میدانوں کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل کے سیکریٹری جنرل سلیم پٹنی نے بھی اویس اسپورٹس کے چوہدری اسرار اور چوہدری بلال کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ فٹبال کلبوں کو کھیلوں کا سامان فراہم کرنا کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں فٹبال کے فروغ کے لیے ایک مثبت اور قابلِ تقلید قدم ہے۔