0

پیرا کی جانب سےتعلیمی شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے نجی تعلیمی اداروں میں تعریفی اسناد دی گئیں

اسلام آباد (ہفتہ 3 جولائی 2026): پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (ICT-PEIRA) نے ان نجی تعلیمی اداروں کے اعزاز میں تقریبِ تقسیمِ تعریفی اسناد کا انعقاد کیا جنہوں نے اتھارٹی کی اہم تعلیمی و سماجی فلاحی کاوشوں پر 100 فیصد عمل درآمد کرتے ہوئے قابلِ تحسین خدمات انجام دیں۔

یہ اعزاز اُن تعلیمی اداروں کو دیا گیا جنہوں نے رائٹ ٹو فری اینڈ کمپلسری ایجوکیشن ایکٹ 2012 کے تحت 10 فیصد ضرورت مند طلبہ کو وظائف فراہم کیے، مستحق طبقات کے بچوں کو مفت تعلیم دی اور پیرا کی جانب سے ریفر کیے گئے سکول سے باہر بچوں (Out-of-School Children) کو اپنے اداروں میں داخلہ دے کر قومی ذمہ داری ادا کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین پیرا ڈاکٹر غلام علی ملاح تھے، جبکہ چیئرمین فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر اکرام علی ملک نے بطور معزز مہمان شرکت کی۔ تقریب میں پیرا کے اعلیٰ افسران، نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان، تعریفی اسناد حاصل کرنے والے نمائندگان اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیرا ڈاکٹر غلام علی ملاح نے نجی تعلیمی اداروں کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے صرف معیاری تعلیم ہی فراہم نہیں کر رہے بلکہ معاشرتی ذمہ داری نبھاتے ہوئے ایسے بچوں کو بھی تعلیم کے مواقع فراہم کر رہے ہیں جو مالی یا سماجی مشکلات کے باعث تعلیم سے محروم رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کا یہ تعاون رائٹ ٹو فری اینڈ کمپلسری ایجوکیشن ایکٹ 2012 کے مؤثر نفاذ، مستحق بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی اور سکول سے باہر بچوں کو دوبارہ تعلیمی نظام میں شامل کرنے کے قومی مشن میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

ڈاکٹر غلام علی ملاح نے وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزارت کی مسلسل سرپرستی، رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی بدولت آئی سی ٹی-پی ای آئی آر اے تعلیمی اصلاحات اور عوامی خدمت کے مختلف اقدامات کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اتھارٹی مستقبل میں بھی نجی تعلیمی اداروں کے اشتراک سے ہر بچے تک معیاری اور مساوی تعلیمی مواقع پہنچانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین فیڈرل بورڈ پروفیسر ڈاکٹر اکرام علی ملک نے نجی تعلیمی اداروں اور بالخصوص ان کے اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل اور نسبتاً کم تنخواہوں کے باوجود نجی سکولوں کے اساتذہ قوم کے مستقبل کی تعمیر میں قابلِ قدر کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے آئی سی ٹی-پی ای آئی آر اے کو سراہا کہ اس نے ان اداروں کی خدمات کو باضابطہ طور پر تسلیم کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی، جو معاشرے کے پسماندہ طبقات کے بچوں کو تعلیم فراہم کرنے میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کے نمائندگان میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت، ریگولیٹری اداروں اور نجی تعلیمی شعبے کے باہمی تعاون سے ایسا تعلیمی نظام تشکیل دیا جائے گا جہاں ہر بچے کو بلاامتیاز معیاری تعلیم حاصل کرنے کے مساوی مواقع میسر ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں