سالہ بیگم نفیسہ خالد طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں، وہ ذوالفقار علی بھٹو کی قریبی ساتھی اور پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما تھیں۔
اسلام آباد( 18اگست2026): پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سابق رکنِ قومی اسمبلی بیگم نفیسہ خالد 94 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ انہوں نے 1977 میں رکنِ قومی اسمبلی کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور مزدوروں و محنت کش طبقے کے حقوق کے لیے بھرپور آواز اٹھاتی رہیں۔
بیگم نفیسہ خالد پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتی تھیں۔ وہ پیپلز پارٹی پنجاب لیبر ونگ کی صدر بھی رہیں اور مزدوروں، کارکنوں اور معاشرے کے محروم طبقات کے حقوق کے لیے سرگرم کردار ادا کیا، جس کے باعث انہیں ’’مادرِ مزدور‘‘ کے نام سے بھی جانا جاتا تھا۔
1947 میں بھارت سے ہجرت کے بعد ان کا خاندان گوجرانوالہ میں آباد ہوا۔ بیگم نفیسہ خالد کے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو اور بیگم نصرت بھٹو کے ساتھ بھی قریبی تعلقات رہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے بیگم نفیسہ خالد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بیگم نفیسہ خالد پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھیں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر نے بھی ان کی سیاسی، پارلیمانی اور جمہوری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔