زرعی و فروٹ سیکٹر میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ سہل جان
معیاری سری لنکن انناس کی پاکستان آمد سے کاروباری برادری کو نئے مواقع میسر آئیں گے۔ سید امان شاہ
کراچی (منگل 8 ستمبر 2026): سری لنکا کے معروف اور معیاری انناس کو پاکستان میں باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا گیا۔ اس سلسلے میں کراچی میں ایک خصوصی لانچنگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں سری لنکن پائن ایپل کی پاکستان میں تجارتی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔
شرکاء نے اس اقدام کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور کاروباری تعلقات کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔ تقریب کی میزبانی معروف کاروباری شخصیت سہل جان نے کی۔
تقریب میں عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سید امان شاہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر سہل جان کہا کہ پاکستان میں سری لنکن انناس متعارف کرانے کا مقصد پاکستانی صارفین کو معیاری اور منفرد ذائقے کے حامل پھل کی نئی قسم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان کاروباری روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں سری لنکن انناس کے فروغ اور عوام تک اس کی رسائی کے لیے مستقبل میں مزید پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سری لنکا کے قونصل جنرل سنجیو پٹی والا نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مضبوط معاشی اور تجارتی روابط میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، خصوصاً زرعی اجناس، پھلوں اور سبزیوں کے شعبے میں باہمی تعاون سے دونوں ممالک کی کاروباری برادری کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
برطانوی ڈپٹی قونصل جنرل نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی اور پاکستان و سری لنکا کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی روابط کا خیرمقدم کیا۔انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کے درمیان براہِ راست روابط، تجربات کے تبادلے اور نئی تجارتی سرگرمیوں کا فروغ خطے میں معاشی تعاون کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایسوسی ایشن کے چیئرمین اسلم پکھالی نے سری لنکا سے معیاری پھلوں کی درآمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل سیکٹر میں تجارت کو مزید وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان زرعی مصنوعات کی تجارت میں مزید اضافہ ہوگا۔
اس موقع پر عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سید امان شاہ نے کہا کہ سری لنکن انناس کی پاکستان میں آمد سے پاکستانی صارفین کو معیاری پھلوں کی ایک نئی قسم دستیاب ہوگی، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ درآمد، تقسیم اور فروٹ مارکیٹ سے وابستہ کاروباری افراد کے لیے بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تجارتی سرگرمیاں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔
تقریب میں سفارت کاروں، کاروباری شخصیات، تاجر برادری، فروٹ اینڈ ویجیٹیبل سیکٹر سے وابستہ نمائندوں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ شرکاء نے سری لنکن انناس کی پاکستان میں تجارتی آمد کو پاک سری لنکا دوستی، باہمی تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔