0

کاروبار میں آسانی، تاجروں کا احترام آئی سی سی آئی کی ترجیح ہے: زکریا ضیاء

کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹوں کے خلاف مؤثر آواز اٹھاتے رھیں گے: اجمل بلوچ

اسلام آباد (جمعرات 15 اکتوبر 2026): صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) محمد زکریا اکبر ضیاء نے کہا ہے کہ چیمبر تاجروں اور صنعتکاروں کے جائز حقوق کے تحفظ اور کاروباری مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام کے سامنے مؤثر انداز میں آواز اٹھائے گا۔ وہ آل پاکستان انجمنِ تاجران کے صدر محمد اجمل بلوچ کی قیادت میں مختلف شعبوں کے تاجر رہنماؤں کے وفد سے خطاب کر رہے تھے، جس نے چیمبر کی نومنتخب قیادت کو مبارک باد دی۔

محمد زکریا اکبر ضیاء نے کہا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کے درمیان اتحاد مسائل کے حل کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے بجلی کی قلت، بھاری بلوں اور پیداواری سرگرمیوں میں رکاوٹوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قانون پر عمل درآمد ضروری ہے، تاہم تاجروں کی عزتِ نفس کا خیال رکھا جائے اور انتظامی معاملات تذلیل کے بجائے مذاکرات، مشاورت اور قانونی طریقہ کار کے ذریعے حل کیے جائیں۔ انہوں نے تجارتی مراکز کو سیل کرنے کے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مارکیٹ ایسوسی ایشنز پر زور دیا کہ وہ متحدہ حکمت عملی اپنائیں۔

صدر آل پاکستان انجمنِ تاجران محمد اجمل بلوچ نے اسلام آباد میں بار بار نئے تجربات کیے جانے پر حیرت اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے آئی سی سی آئی قیادت کی مشاورت سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

سینئر نائب صدر آئی سی سی آئی محمد اشفاق چٹھہ نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ چیمبر کاروباری برادری کے مسائل متعلقہ حکام کے سامنے اٹھائے گا اور کاروبار میں آسانی کے لیے مؤثر اقدامات کرے گا۔ نائب صدر محمد وقاص خان نے تاجر برادری کے حقوق کے لیے محمد اجمل بلوچ کی خدمات، جرات اور قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر شاہد عباسی نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں