اسلام آباد (بدھ 7 اکتوبر 2026): معروف انٹرنیشنل ہسپتال (MIH) میں بدھ کے روز بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد بریسٹ کینسر سے بچاؤ، اسکریننگ، بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ پاکستان میں نیپال کی سفیر محترمہ ریتا دھیتال نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر سفیر ریتا دھیتال نے معروف انٹرنیشنل ہسپتال کی بریسٹ کینسر آگاہی مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین اپنی صحت کو ترجیح دیں، باقاعدگی سے اسکریننگ کروائیں اور کسی بھی علامت کی صورت میں بروقت طبی مشورہ حاصل کریں۔

محترمہ روبینہ افضل، ہیڈ معروف کمیونٹی سپورٹ پروگرام اینڈ گلوبل پراجیکٹس، نے کہا کہ معروف انٹرنیشنل ہسپتال نے یکم اکتوبر سے 31 دسمبر 2026 تک تین ماہ کی بریسٹ کینسر آگاہی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مہم کے تحت تعلیمی اداروں، کارپوریٹ دفاتر اور پسماندہ و کم سہولیات والے علاقوں میں بریسٹ کینسر سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور علاج کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے گی، تاکہ اس مرض کے اثرات اور شرح کو کم کرنے میں مدد مل سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مہم کے تینوں ماہ کے دوران میموگرافی اور بریسٹ کینسر اسکریننگ پر 50 فیصد رعایت بھی دی جائے گی، تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین بروقت اسکریننگ کروا سکیں۔

معروف انٹرنیشنل ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، مسٹر ہارون ناصر، نے ہسپتال کے کینسر سپورٹ سینٹر پراجیکٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد کینسر کے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو زیادہ مربوط جسمانی اور ذہنی صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر میر عبدالوحید نے کینسر کے بڑھتے ہوئے عالمی بوجھ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس مرض کے اثرات کم کرنے کے لیے آگاہی، احتیاط، بروقت تشخیص اور فوری علاج انتہائی اہم ہیں۔

کنسلٹنٹ بریسٹ کینسر سرجن ڈاکٹر سائرہ محمود نے بریسٹ کینسر کے خطرات، علامات اور ابتدائی نشانیوں کے بارے میں آگاہ کیا اور خواتین پر زور دیا کہ کسی بھی غیر معمولی علامت کی صورت میں فوری طبی مشورہ لیں۔

کنسلٹنٹ ریڈیولوجسٹ ڈاکٹر عائشہ امین نے بریسٹ کینسر کی ابتدائی تشخیص میں میموگرافی اور مناسب اسکریننگ کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جبکہ ماہرِ نفسیات محترمہ زبیہ زبیر نے کینسر کے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کی ذہنی اور جذباتی صحت کی اہمیت پر گفتگو کی۔

آگاہی سیشن میں معروف انٹرنیشنل ہسپتال کے بڑی تعداد میں ڈاکٹرز اور عملے نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد کی گئی، جس کے ذریعے بریسٹ کینسر کے خلاف آگاہی اور بروقت اقدام کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

بلیو ٹی وی نیٹ ورک بھی معروف انٹرنیشنل ہسپتال کے بریسٹ کینسر کے خلاف آگاہی اور بروقت اقدام کے عزم میں معروف انٹرنیشنل ہسپتال کے ساتھ ہے

اس کے علاوہ بلیو ٹی وی نیٹ ورک بذات خود بھی بدھ 21 اکتوبر 2026 کو ایک پینٹنگ ورکشاپ کے ذریعے ایسا ہی ایک منفرد ایونٹ کروا رہا ہے تفصیلات کے لیے بلیو ٹی وی نیٹ کے وٹس ایپ نمبر 923020950095+ پر رابطہ کریں۔
