اسلام آباد (بدھ 15 جولائی 2026): ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشنز (ڈی جی ٹی او) نے اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کا لائسنس منسوخ کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے فیصلہ جاری کر دیا۔فیصلے میں چیمبر کی موجودہ انتظامیہ کے خلاف مالی بے ضابطگیوں کے الزامات ثابت نہ ہو سکے
فیصلے کے بعد اسلام آباد کی تاجر برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ چیمبر آفس میں مختلف مارکیٹوں اور تجارتی مراکز سے تعلق رکھنے والے تاجر نمائندگان نے پہنچ کر چیمبر کی قیادت کو مبارکباد پیش کی جبکہ اس موقع پر خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔شہر بھر کی تاجر برادری نے ڈی جی ٹی او کے فیصلے کو حق اور انصاف کی فتح قرار دیا۔
اس موقع پر چیئرمین فاؤنڈر گروپ ثاقب تاج عباسی نے کہا کہ “آج حق اور سچ کی فتح کا دن ہے یہ فیصلہ تاجروں کے اعتماد اور انصاف کی بالادستی کا مظہر ہے۔”
صدر اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز محمد اویس ستی نے کہا کہ “اسلام آباد کے چھوٹے تاجروں کی بے لوث خدمت کا سفر پہلے کی طرح آئندہ بھی جاری رہے گا اور چیمبر تاجروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتا رہے گا۔”
سینئر نائب صدر شیخ طیب اور نائب صدر سردار ظہیر احمد نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ “الحمدللہ سچ کی فتح ہوئی اور یہ دراصل چھوٹے تاجر کی فتح ہے۔
اس موقع پر جی نائن مرکز کے تاجر رہنماؤں ساجد اقبال گجر، روہیل انور بٹ اور راؤ جاوید اختر نے واضح کیا کہ چیمبر کے خلاف لائسنس منسوخی کی درخواست ایک فرد کی ذاتی کارروائی تھی جس کی جی نائن مرکز کی تاجر برادری نے کبھی حمایت نہیں کی۔
تاجر رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی اتحاد و اتفاق کے ساتھ چیمبر کے پلیٹ فارم سے اسلام آباد کے تاجروں کے حقوق، مسائل کے حل اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔